حافظ سعید کی ہدایت پر فلاح انسانیت فائونڈیشن کی امدادی ٹیمیں تھرپارکر پہنچ گئیں
لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعۃ الدعوۃ کے امیر پروفیسر حافظ محمد سعید کی ہدایات پررفاہی ادارے فلاح انسانیت فائونڈیشن کی امدادی ٹیمیں تھرپارکر کے قحط زدہ علاقوںمیں متاثرہ افراد کی مدد کیلئے پہنچ گئیں جہاں وہ متاثرین کیلئے تیار خوراک کی فراہمی کیساتھ ساتھ میڈیکل کیمپنگ بھی کریں گی۔ حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ قحط سے بچوں کی اموات انتہائی تکلیف دہ ہیں‘ قوم اسلامی اخوت کے جذبہ سے قحط متاثرہ لوگوں کی دل کھول کر مدد کرے۔ انہوں نے کہا جماعۃ الدعوۃ عرصہ دراز سے تھرپارکر کے علاقوں میں رفاہ عامہ کے منصوبہ جات پر کام کر رہی ہے۔ پیاسے لوگوں کے لئے تھر میں پانچ سو سے زائد صاف پانی کے کنویں اور ہینڈ پمپ لگوائے جا چکے ہیں جبکہ فلاح انسانیت فائونڈیشن کی میڈیکل ٹیمیں بھی گاہے بگاہے تھر کے علاقوں میں میڈیکل کیمپ لگاتی رہتی ہیں۔