نیشنل جوڈیشل پالیسی ساز کمیٹی کا اجلاس چیف جسٹس کی زیر صدارت آج ہو گا
لاہور (وقائع نگار خصوصی) نیشنل جوڈیشل پالیسی ساز کمیٹی کا اجلاس آج سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں ہو گا۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس تصدق حسین جیلانی کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں کمیٹی کے ممبران چیف جسٹس وفاقی شریعت کورٹ آغا رفیق احمد، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس عمر عطا بندیال، چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس قاضی فائز عیسٰی، چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس مقبول باقر اور چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ میاں فصیح الملک شریک ہوں گے جبکہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس محمد انور خان کاسی، چیف جسٹس سپریم کورٹ آف آزاد جموں کشمیر جسٹس محمد اعظم خان، چیف جسٹس سپریم اپیلٹ کورٹ گلگت بلتستان جسٹس رانا محمد ارشد خان، چیف جج ہائی کورٹ آف آزاد جموں کشمیر جسٹس غلام مصطفی مغل اور چیف جج چیف کورٹ آف گلگت بلتستان جسٹس صاحب خان خصوصی دعوت اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اجلاس میں ضلعی عدلیہ میں زیر التوا مقدمات، مالیاتی اداروں کے خلاف اور انکی اپیلوں، چالان داخل کرنے میں تفتیشی ایجنسیوں کی کارکردگی سمیت ٹیکس اور ریونیو معاملات کا جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس میں عدالتی انفراسٹرکچر سمیت دیگر امور کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔