کورال سے گرفتار 7 مبینہ دہشتگردوں کو 14 روزہ ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم
اسلام آباد (ثناء نیوز) انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے کورال سے گرفتار سات مبینہ دہشتگردوں کو چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیدیا۔ تھانہ کورال سے گرفتار سات مبینہ دہشت گردوں کواسلام آباد کی انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج عتیق الرحمان کے روبرو پیش کیا گیا۔ پولیس نے استدعا کی کہ دہشت گردوں سے گرفتاری کے وقت پانچ دستی بم اور اسلحہ برآمد ہوا تھا ، مزید تفتیش کے لئے ملزمان کے ریمانڈ میں توسیع کی جائے تاہم عدالت نے استدعا مسترد کرتے ہوئے تمام ملزمان کو چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کے احکامات جاری کر دیئے۔عدالت نے ملزمان کو 20 مارچ کو دوبارہ عدالت پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ واضح رہے کہ کورال پولیس نے ان سات افراد کو کچی آبادی سے مقابلہ کے بعد گرفتار کیا تھا۔