لاہور میں پنجاب یونیورسٹی کا ملازم، شیخوپورہ میں نوجوان ڈور پھرنے سے زخمی
لاہور+ شیخوپورہ (نامہ نگار+ نامہ نگار خصوصی) گڑھی شاہو کے علاقہ میں پنجاب یونیورسی کا ملازم گلے پر پتنگ کی ڈور پھرنے سے زخمی ہو گیا۔ شالیمار کا پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ آئی آر ڈیپارٹمنٹ کا ملازم 45 سالہ نذیر موٹر سائیکل پر جا رہا تھا گڑھی شاہو پل کے قریب کٹی پتنگ کی ڈور گلے پر پھرنے سے زخمی ہو کر موٹر سائیکل سے نیچے گر پڑا، وہاں پر موجود شہریوں نے اسے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیا۔ تھانہ گڑھی شاہو رابطہ کیا گیا تو پولیس نے واقعہ سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔ علاوہ ازیں لاہور روڈ کی آبادی خانپور میں دھاتی دور پھرنے سے 16سالہ موٹر سائیکل نوجوان محمد عظیم کی ناک اور کان شدید زخمی ہوگیا جس کو فوری طبی امداد کیلئے ایک پرائیویٹ ہسپتال لایا گیا جہاں فوری طبی امداد دی گئی۔ تھانہ فیکٹری ایریا پولیس نے واقع کی تفتیش شروع کردی ہے۔ موضع خانپور میں پولیس کی غفلت اور لاپرواہی کے باعث ایک گرائونڈ درجنوں لوگ منی بسنت منا رہے تھے جہاں مبینہ طور پر لاکھوں روپے کا جُوا کھیلنے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔ پتنگ بازوں نے جوا جیتنے کیلئے دھاتی دور کا استعمال کیا۔ اس دوران محمد عظیم اپنی ماں اور بہن کے ساتھ موٹر سائیکل پر گائوں جارہا تھا کہ ایک دھاتی دور نے اس کا ناک کان کو شدید زخمی کردیا جبکہ ڈور سے اس کے چہرے پر بھی زخم آئے۔