• news

خواتین کو سماجی تحفظ کی فراہمی، بااختیار بنانے کیلئے اقدامات کئے ہیں: صدر ممنون

اسلام آباد+ راولپنڈی   (ثناء نیوز+ اے پی اے) صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ حکومت خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے وہ گزشتہ روز اسلام آباد میں خواتین کے عالمی دن کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ صدر نے کہا کہ خواتین کو سماجی، سیاسی اور معاشی طورپر با اختیار بنانے کیلئے متعدد اقدامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر فورم پر خواتین کے خلاف امتیاز کے خاتمے کے بارے میں کنونشن پر خلوص نیت سے عملدرآمد کر رہا ہے۔ ممنون حسین نے کہا کہ حکومت خواتین کو معاشی طورپر با اختیار بنانے کیلئے سرگرمی سے کام کر رہی ہے اور سماجی تحفظ کے متعدد اقدامات سمیت وزیراعظم کے یوتھ پروگرام اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں خواتین کیلئے پچاس فیصد کوٹہ رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا وفاقی اور صوبائی ملازمتوں میں خواتین کا دس فیصد کوٹہ بھی خواتین کو با اختیار بنانے کے اقدامات کا ایک اور اہم قدم ہے۔ مزید براں صدر نے حکومت کو ہدایت کی ہے کہ وہ ملک سے کرپشن کے خاتمے کیلئے کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت قومی ائر لائن کو بین الاقوامی معیار کی قابل فخر ائر لائن بنانے کیلئے ’’انقلابی اقدامات‘‘ کر رہی ہے،کرپشن بد انتظامی اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا، پی آئی اے کی صفوں سے کالی بھیڑوں کو نکال باہر کیا جائے گا، ایماندار فرض شناس اور محنتی افسران اور ورکروں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، پی آئی اے کیلئے 20 نئے جہاز خریدے جا رہے ہیں اور 777 جہازوں کو ری فرنشڈ کیا جا رہا ہے، اُنہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز پی آئی اے آفیسر یونین کے صدر ساجد اللہ خان سے خصوصی گفتگو کے دوران کیا، ساجد اللہ خان نے صدرِ مملکت سے ایوان صدر میں ملاقات کی اور پی آئی اے کے بارے میں صدر پاکستان کو تفصیلی بریفنگ دی۔

ای پیپر-دی نیشن