آرمی چیف کی ملاقات ‘ فوج کو تمام ضروری وسائل فراہم کریں گے: اسحق ڈار‘ دفاعی بجٹ 750 ارب روپے ہونے کا امکان
اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی + نیشن رپورٹ +بی بی سی اردو+ ایجنسیاں) وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو یقین دہانی کروائی ہے کہ ملک کے دفاع کیلئے درکار وسائل کی فراہمی کو یقینی بنایا جائیگا۔ وزیر خزانہ اور آرمی چیف کے درمیان ملاقات میں آئندہ مالی سال دفاعی بجٹ کی ضروریات پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ وزارت خزانہ کے بیان کے مطابق وزیر خزانہ نے آرمی چیف کو یقین دلایا کہ ملک کی سکیورٹی کی صورتحال کے پیش نظر دفاعی بجٹ کیلئے تمام ضروری وسائل فراہم کئے جائیں گے۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ دفاع قومی بقا کیلئے اہم ترین حیثیت رکھتا ہے۔ ملاقات میں آئندہ مالی سال 2014-15ء کے بجٹ میں پاک فوج کی ضروریات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ ملک کی موجودہ سکیورٹی صورتحال میں فوج کی دفاعی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے حکومت کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس ہے۔ ذرائع کے مطابق آئندہ مالی برس دفاعی بجٹ موجودہ 625 ارب روپے سے بڑھ کر 750 ارب ہونے کا امکان ہے۔ اسحاق ڈار اور جنرل راحیل شریف کی ملاقات میں افواج پاکستان کی دفاعی ضروریات کا جائزہ لیا گیا اور خطے کی صورتحال و دہشت گردی سے لاحق خطرات کے تناظر میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مسلح افواج پاکستان کی دفاعی استعداد کار میں اضافے کے حوالے اتفاق رائے کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق دفاعی بجٹ میں 15 سے 20 فیصد اضافہ کا امکان ہے۔ دوسری جانب اسحاق ڈار نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے حوالے سے کہا ہے کہ نقد امداد کے سوا بینظیر اِنکم سپورٹ پروگرام کے دیگر منصوبوں کو نوجوانوں کیلئے وزیراعظم کے پروگرام سے ہم آہنگ کیا جانا چاہئے۔ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے بارے میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے ہدایت کی کہ زیادہ توجہ غریب لوگوں کی تربیت پر دی جانی چاہئے۔ بینظیر اِنکم سپورٹ پروگرام کے چیئرمین انور بیگ نے اجلاس کو بتایا کہ اس امداد سے مستفید ہونیوالوں کو قبل از روزگار اور دوران روزگار تربیت دینے کے سلسلے میں ایوان صنعت و تجارت خیبر پی کے اور کورنگی ایسوسی ایشن کے ساتھ مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہوچکے ہیں۔