ریاضی کا فہم فطرت کو دریافت کرنے میں انسان کی مدد کرتا ہے: ڈاکٹر اعجاز بٹ
لاہور (لیڈی رپورٹر) شعبہ ریاضی گورنمنٹ کالج ٹائون شپ نے پنجاب ریاضی سوسائٹی کے اشتراک سے ’’ریاضی اور فطرت‘‘ کے عنوان سے سیمینار کا اہتمام کیا۔ اس موقع پر شعبہ ریاضی کے چیئرمین پروفیسر عبدالغنی‘ ڈاکٹر قنبر عباسی‘ ڈاکٹر ثمینہ مظہر‘ ڈاکٹر مصطفی حبیب اللہ اور پرنسپل کالج ہذا ڈاکٹر محمد اعجاز بٹ نے طلباء سے خطاب کیا۔ زندگی میں ریاضی کی اہمیت بیان کرتے ہوئے ڈاکٹر قنبر عباسی نے کہا کہ زندگی اور ریاضی اس وقت سے ایک دوسرے سے جڑئے ہوئی ہیں جب انسان نے بولنا اور اظہار کرنا بھی نہ سیکھا تھا۔ ڈاکٹر ثمینہ مظہر نے کہا کہ ریاضی اور علمی ترقی ایک دوسرے سے وابستہ ہیں۔ ریاضی زندگی کی رنگا رنگی کو قابل فہم حقیقت کے طور پر پیش کرنے میںانسان کی مدد کرتی ہے۔ ریاضی ایسے آلات کی ایجاد کا ذریعہ بنی ہے جو ہماری زندگی کا لازمی حصہ ہیں۔ ڈاکٹر غلام مصطفی حبیب اللہ سابق چیئرمین شعبہ ریاضی پنجاب یونیورسٹی نے کہا کہ تصور کی موت زندگی کی موت ہوتی ہے۔ تصور آگے بڑھنے کا پتا اور راستہ بتاتا ہے جبکہ علم ِ ریاضی سراب اور حقیقت کی پہچان سکھاتا ہے۔ پرنسپل ڈاکٹر محمد اعجاز بٹ نے کہا کہ اللہ نے کائنات کو توازن تناسب اور ہم آہنگی میں تخلیق کیا ہے۔ ریاضی میں انسان کا فہم فطرت کو دریافت کرنے میں اُس کی مدد کرتا ہے ریاضی تحقیق اور جدید علوم میں ترقی کی بنیاد فراہم کرتی ہے اس سے انسان کی خوابیدہ صلاحیتوں میں نکھار پیدا ہوتا ہے۔