پاکستان نے کرگل سے سکردو کے درمیان بس سروس شروع کرنے کی تجویز مسترد کر دی: بھارت کا دعویٰ
نئی دہلی (کے پی آئی) بھارت نے دعوی کیا ہے کہ پاکستان نے لداخ میں کرگل سے سکرود کے درمیان بس سروس شروع کرنے کی بھارتی تجویز مسترد کر دی ہے۔ بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان سید اکبرالدین نے نئی دہلی میں میڈیا کو بتایا کہ کنٹرول لائن پر اعتماد سازی کے متعلق مشترکہ ورکنگ گروپ کے اجلاس میں بھارت نے لداخ میں کرگل سے سکرود کے درمیان بس سروس شروع کرنے کی بھی تجویز پیش کی لیکن پاکستانی حکام نے اسے سکرود کے فوجی لحاظ سے حساس ہونے کے سبب مسترد کردیا۔ انہوں نے بتایا کہ بھارت نے کنٹرول لائن کے دونوں طرف تجارت اور سفر میں سہولت کے لئے پاکستان کو ملٹی انٹری ویزا شروع کرنے کی تجویز پیش کی ہی۔ یہ تجویز کنٹرول لائن پر اعتماد سازی کے متعلق مشترکہ ورکنگ گروپ کی 4 مارچ کو ہوئی میٹنگ میں پیش کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے مشورہ دیا ہے کہ ایک ایسا کتابچہ جاری کیا جائے جس میں ملٹی پل ویزا کے اندراجات کئے جا سکیں۔