• news

بھارت کی ہار پر اظہار مسرت غیر فطری نہیں‘ بھارت کو پوری کشمیری قوم کیخلاف غداری کا مقدمہ دائر کرنا چاہیے : میرواعظ

سرینگر (کے پی آئی) کل جماعتی حریت کانفرنس ( ع ) کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے مقبوضہ کشمیر حکومت کو وادی کشمیر میں عالمی سطح کے تعلیمی اداروں کے قیام میں رکاوٹیں ڈالنے کا مرتکب قرار دیتے ہوئے سرمایہ دار طبقے سے اپیل کی ہے کہ وہ سامنے آ کر وادی میں تکنیکی تعلیم کے ادارے قائم کریں تاکہ یہاں کے نوجوانوں کو در بدر کی ٹھوکریں نہ کھانی پڑیں۔ اتر پردیش کی حکومت کی جانب سے میرٹھ کی ایک یونیورسٹی میں زیر تعلیم 67 کشمیری طلباء کے خلاف غداری کا مقدمہ دائر کرنے اور ان طلباء کو یونیورسٹی بدر کرنے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا  کہ اس اقدام سے بھارت کی جمہوریت اور ’’ نام نہاد ‘‘ سیکولر ازم کے کھوکھلے پن کا واضح اظہار ہوتا ہے۔ ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے حریت ( ع ) چیئرمین نے کہا کہ اگر جذبات کے اظہار کا مطلب غداری ہے تو بھارت کو پوری کشمیری قوم کے خلاف غداری کا مقدمہ دائر کرنا چاہئے کیونکہ بھارت کی ہار پر کشمیری عوام کا اظہار مسرت غیر فطری نہیں ہے بلکہ اصل میں یہ ردعمل ہے ان مظالم کے خلاف ہے جو بھارت کی جانب سے اس قوم پر ڈھائے جا رہے ہیں اور جس نے اس قوم کے تمام حقوق کو سلب کر لیا ہے ۔

ای پیپر-دی نیشن