• news

خیبر پی کے حکومت نے طالبان کو پشاور میں دفتر کھولنے کی پیشکش کر دی

 پشاور (نیوز ایجنسیاں) خیبر پی کے حکومت نے طالبان کو پشاور میں دفتر کھولنے کی پیشکش کردی ہے۔ وزیر صحت خیبر پی کے  شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ امن کیلئے فریقین کو مل کر بیٹھنا ہوگا۔ پشاور میں صحت کا انصاف مہم کے چھٹے مرحلے کا افتتاح کرتے ہوئے وزیرصحت شوکت یوسفزئی نے کہا کہ طالبان پشاور میں دفترکھولنا چاہیں تو ہم تعاون کیلئے تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے طالبان کے دفتر کھولنے کی بات کا مذاق اڑایا گیا مگر قیام امن کیلئے دونوں فریقین کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہو گا، امن کیلئے لازم ہے کہ دونوں فریقین مل بیٹھیں۔ امن کے لئے صوبائی حکومت ہر قسم کے تعاون کو تیار ہے، پولیو وائرس پر جلد قابو پالیا جائے گا تاہم دہشت گردوں پر قابو پانا ہمارے بس سے باہر ہے، پشاور میں صحت کا انصاف مہم 21 اپریل تک جاری رہے گی۔ ہم امن کے لئے کردار ادا کرنے کو تیار ہیں، پہلے بھی کہا تھا کہ اگر طالبان دفترکھولنا چاہیں تو ہم تعاون کے لئے تیار ہیں لیکن ہمارا مذاق اڑایا گیا۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ملک میں قیام امن کے لئے مذاکرات کی کامیابی ضروری ہے، اس سلسلے میں وفاقی حکومت اور طالبان کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن