بیرونی قوتوں کی مداخلت اپنی غلطی کی وجہ سے ہو رہی ہے: وزیر دفاع
سیالکوٹ (نوائے وقت رپورٹ) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ مولانا سمیع الحق میرے لئے محترم ہیں، آپریشن کے بارے میں بیان مذاکرات کی ناکامی کی صورت میں دیا تھا، ملک میں بدامنی ہو گی تو بیرونی مداخلت بھی ہو گی، سرحدوں کی حفاظت کیلئے فوج تیار ہے، بیرونی قوتوں اور دشمن کی مداخلت اپنی غلطی کی وجہ سے ہو رہی ہے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ کچھ پاور پلانٹوں میں فنی خرابی کے باعث گزشتہ روز گھریلو صارفین کیلئے 6، صنعتی صارفین کیلئے 4گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی گئی، تکنیکی خرابیوں کے باعث مسائل ہو سکتے ہیں مگر لوڈشیڈنگ طویل نہیں ہو گی۔ 8مارچ کو اوچ پاور پلانٹ نمبر1، نمبر2 اور نمبر 3، اینگرو، فائونڈیشن پاور پلانٹ اور 220کے وی پاور لائن میں فنی خرابی کے باعث پاور پلانٹ ٹرپ کر گئے جس کے باعث گھریلو صارفین کے لئے 4سے 6 گھنٹے اور صنعتی صارفین کے لئے 4 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی گئی ۔ تکنیکی خرابیوں کے باعث مسائل ہو سکتے ہیں مگر لوڈشیڈنگ اتنی طویل نہیں ہو گی۔