• news

غداری کیس : مشرف آج پیش نہیں ہونگے‘ وکیل‘ حملے کا خدشہ ہے : وزارت داخلہ فول پروف سیکورٹی دینگے : آئی جی

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) سابق صدر پرویز مشرف کے وکیل احمد رضا قصوری نے کہا ہے سابق صدر پرویز مشرف آج عدالت میں پیش نہیں ہونگے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احمد رضا قصوری کا کہنا تھا جب عدالتیں ہی محفوظ نہیں تو باقی کیا رہ جاتا ہے، شکایت کنندہ نے خود ہی خطرے کی نشاندہی کر دی کہ مشرف پر حملہ ہو سکتا ہے جب تک عدالت مکمل سکیورٹی کی گارنٹی نہیں دیتی، ہم مشرف کو پیش نہیں کریں گے۔ دوسری جانب آئی جی اسلام آباد سکندر حیات نے کہا ہے اسلام آباد پولیس مشرف کو سکیورٹی دینے کے لئے پوری طرح تیار ہے۔ ان کا کہنا ہے عدالت میں پیشی پر پرویز مشرف کو فول پروف سکیورٹی دی جائے گی۔ پرویز مشرف کی سکیورٹی کے لئے ہزار سے زائد پولیس، رینجرز اور کمانڈوز تعینات ہونگے۔ قبل ازیں آئی این پی کے مطابق وزارت داخلہ نے خبردار کیا ہے سابق صدر پرویز مشرف کی جان کو خطرہ ہے اور اے ایف آئی سی ہسپتال سے خصوصی عدالت کے راستے میں بھی ان پر حملہ ہو سکتا ہے، مختلف دہشت گرد گروپوں کی جانب سے انہیں دھمکیاں مل چکی ہیں۔ وزارت داخلہ نے مشرف کی سکیورٹی سے متعلق حساس اداروں اور پولیس کو مراسلہ لکھا جس میں مشرف کی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ مراسلے میں کہا ہے گیا ان کی جان کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ پولیس اور حساس ادارے سابق صدر پرویز مشرف کی سکیورٹی میں مزید اضافہ کریں۔ وزارت داخلہ نے تنبیہہ کی پرویز مشرف پر ہسپتال سے خصوصی عدالت کے راستے میں بھی ممکنہ طو ر پر حملہ ہو سکتا ہے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق وزارت داخلہ کے مطابق مشرف پر کالعدم تحریک طالبان اور القاعدہ کی جانب سے حملے کا خدشہ ہے۔ وزارت داخلہ نے صدر ممنون حسین‘ وزیراعظم ڈاکٹر نوازشریف اور سیکرٹری دفاع کے نام ایک خط میں اس خدشے کا اظہار کیا ہے۔ خط میں لکھا گیا ہے دہشت گردوں نے حملے کی منصوبہ بندی کر لی ہے۔ مشرف کے سکیورٹی اہلکاروں میں دہشت گردوں کے ہمدرد موجود ہیں۔ مشرف کو سلمان تاثیر کی طرح سکیورٹی اہلکار سے قتل کرایا جا سکتا ہے۔ مشرف کی گاڑی کو ہسپتال سے عدالت جاتے ہوئے بم سے اڑانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ بم کسی گاڑی میں یا راستے میں رکھا جا سکتا ہے۔ خصوصی عدالت نے غداری کیس میں پرویز مشرف کو آج طلب کر رکھا ہے۔ ثنا نیوز کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے غداری مقدمہ کی سماعت کرنے کے لئے قائم کی گئی خصوصی عدالت آج (منگل کو) پرویز مشرف پر فرد جرم عائد کرے گی۔ جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں جسٹس طاہر ہ صفدر اور جسٹس یاور علی خان پر مشتمل تین رکنی خصوصی عدالت نیشنل لائبریری اسلام آباد میں غداری مقدمہ کی سماعت کرے گی۔این این آئی کے مطابق وزارت داخلہ نے وضاحت کی ہے مشرف کی جان کو خطرہ سے متعلق   خط ہم نے جاری نہیں کیا۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزارت داخلہ نے وضاحت کی ہے خط ایجنسیوں سے ملا۔ وزارت داخلہ نے صرف سرکولیٹ کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن