• news

لاہور سمیت پنجاب بھر میں تیز بارش، ژالہ باری، 3جاں بحق، 12زخمی

لاہور (سٹی رپورٹر+ خبرنگار+ نیوز رپورٹر+ سٹاف رپورٹر+ نمائندگان) صوبائی دارالحکومت لاہور میں تیز آندھی، گردآلود ہوائیں چلنے کے بعد ہونے والے بارش نے موسم کو خوشگوار بنا دیا۔ تاہم تیز آندھی اور بارش کے باعث معمولات زندگی اور ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا۔ پنجاب بھر میں تیز آندھی کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔ لاہور میں آنے والی تیز آندھی کی رفتار 74 کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔ تیز بارش اور آندھی کے باعث لیسکو کے 124فیڈرز ٹرپ کر گئے جس کے باعث متاثرہ علاقوں میں بجلی منقطع ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق تیز آندھی اور بارش نے بجلی کے ترسیلی نظام کو نقصان پہنچایا اس کی وجہ سے شہر اور مضافات میں 124فیڈرز بند ہو گئے جس سے گلشن راوی، بند روڈ، مصری شاہ، فیض باغ، باٹا پور، ہربنس پورہ، مناواں، اقبال ٹائون، مزنگ، جوہر ٹائون اور دیگر علاقوں میں بجلی بند ہو گئی۔ لیسکو حکام کا کہنا تھا کہ متاثرہ علاقوں کی بجلی آندھی رکنے اور بارش کے بعد بحال کر دی جائے گی۔ علاوہ ازیں کالاباغ، عارفوالا، اوکاڑہ اور دیگر شہروں میں بھی تیز اور موسلادھار بارش ہوئی جبکہ کئی مقامات پر تیز آندھی اور ژالہ باری بھی ہوئی۔ میوہسپتال میں درخت گرنے سے ایک شخص جاں بحق جبکہ دو زخمی ہو گئے۔ ٹائون شپ میں مکان کی چھت گرنے سے دو افراد زخمی ہو گئے۔ زرعی ماہرین کے مطابق بارش و ژالہ باری سے گندم کی کاشت شدہ فصل کو شدید نقصان کا اندیشہ ہے۔ بھلوال میں ژالہ باری سے کینو کو شدید نقصان ہونے کا اندیشہ ہے۔ دینہ کے نواحی علاقہ میں شدید بارش کے باعث سیلابی ریلا کھیلتے ہوئے 6 سالہ بچے کو بہا کر لے گیا۔ 24گھنٹے گزرنے کے بعد بھی بچے کی نعش نہ مل سکی جس کی تاحال تلاش جاری ہے۔  ادھر گوجرانوالہ میں تیز آندھی کے باعث جہازی سائز کا سائن بورڈ ریلوے لائن پر جا گرا، ضلعی انتظامیہ کی موجودگی میں ریسکیو اہلکاروں کا آپریشن جاری رہا، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ شہر میں شام سے ہی گرج چمک کے ساتھ تیز ہوائوں، بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری ہے جبکہ کچھ دیر قبل تیز ہوائوں نے آندھی کی شکل اختیار کر لی۔ بورڈ کے ریلوے ٹریک پر گرنے سے لاہور، راولپنڈی جانے والی ٹرینوں کی آمد متاثر ہوئی اور ریلوے ٹریک بند ہو گیا۔ سرائے مغل اور گردونواح میں طوفانی ہوا، بارش اور ژالہ باری سے کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا۔ بچیکی میں بھی گرج چمک کیساتھ بارش ہوئی۔لالیاں میں مکان کی چھت گرنے سے 6سالہ بچی جاں بحق ہو گئی۔ نجی ٹی وی کے مطابق واقعہ میں 3خواتین سمیت 7افراد زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ موسمیات نے 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد/ راولپنڈی، چکوال، جہلم، گجرات، سیالکوٹ، ایبٹ آباد، ہر پور، مانسہرہ کے اضلاع میں تیز موسلادھار بارش اور چند ایک مقامات پر ژالہ باری کی پیشنگوئی کی ہے جبکہ کشمیر میں بھی آج رات اور کل اکثر مقامات پر تیز/ موسلادھار بارش اور چندمقاما ت پر ژالہ باری کا امکان ہے۔ تیز بارش کے باعث کشمیر کے بعض علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پیر اور منگل کی درمیانی رات مری ،گلیات،کالام ،مالم جبہ،کشمیر اور گلگت  بلتستان میں مزید برفباری کا امکان ہے۔ علاوہ ازیں لاہور میں بارش اور تیز ہوائوں کے باعث کئی پروازوں کا رخ موڑنا پڑ گیا۔ دبئی سے آنیوالی شاہین ائرلائنز کی پرواز کو پشاور اور دبئی سے آنیوالی ائربلیو کی پرواز کو کراچی بھجوا دیا گیا جبکہ اسلام آباد سے آنیوالی پی آئی اے کی پرواز کو ملتان بھجوا دیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن