• news

’’کولیشن سپورٹ فنڈز کی ادائیگی جلد کی جائے‘‘ اسحاق ڈار کا امریکی سفارتکار پر زور

اسلام آباد  (اے پی پی) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے امریکی سفارتخانے کے ناظم الامور تھامس ولیمز نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر خزانہ نے انہیں بتایا کہ موجودہ حکومت کی جانب سے گزشتہ 2 ماہ کے دوران کی گئی ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے مثبت نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں، تمام معاشی عشارئیے ہمارے اندازوں کے مطابق اور بعض شعبوں میں اس سے بھی بہتر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر نسبتاً مستحکم ہیں اور سٹاک مارکیٹ میں تیزی حکومتی پالیسیوں پر تاجروں کے اعتماد کی عکاس ہے۔ اس مرحلے پر امریکہ کو کولیشن سپورٹ فنڈز کی مد میں پاکستان کو جلد ادائیگیاں کی جائیں۔  امریکی سفارتخانے کے ناظم الامور نے وفاقی وزیر خزانہ کو یقین دہانی کرائی کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ شراکت داری کو برقرار رکھتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کیلئے کام جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں موجودہ تعلقات کو بڑھانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پاکستان کو ادائیگیوں کا کام تیز کیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن