• news

القاعدہ مشرف کو فارم ہاؤس میں بھی نشانہ بنا سکتی ہے: محافظوں کو اندیشہ

اسلام آباد (سہیل عبدالناصر) سابق آمر پرویز مشرف کے محافظوں کو اندیشہ ہے القاعدہ یا اسکی کوئی ذیلی تنظیم انہیں فارم ہاؤس کے اندر بھی نشانہ بناسکتی ہے۔ اس خطرہ کے تدارک کیلئے حال ہی میں کئے  اقدامات کے تحت فارم ہاؤس کے اندر پرویز مشرف کیلئے تین سکیورٹی حصار قائم کئے گئے ہیں اور سی ڈی اے کے تعاون سے پرویز مشرف کی رہائش سے متصل کم از کم پانچ فارم ہاؤسز کے مالکان کے کوائف اور مکینوں کی تفصیلات حاصل کرکے ان کا تجزیہ کیا جا رہا ہے۔ مشرف کی سیکورٹی پر مامور ایک ذریعہ کے مطابق ایک سے زائد بار القاعدہ کی طرف سے مشرف کو نشانہ بنانے کی اطلاعات  موصول ہوئی ہیں جن میں یہ اطلاع بھی شامل تھی حملہ آور  فارم ہاؤس کے اندر بھی گھس سکتے ہیں۔  بھرپور وسائل کی مالک القاعدہ پڑوس میں واقع فارم ہاؤس کو خرید کر وہاں سے بھی سابق آمر کو نشانہ بنا سکتی ہے۔ اس سلسلے میں چیئرمین سی ڈی اے سے بھی تبادلہ خیالات کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن