آرمی چیف اور سیکرٹری دفاع سے مالدیپ کے چیف آف ڈیفنس فورسز کی ملاقاتیں
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) مالدیپ کے چیف آف ڈیفنس فورسز نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور سیکرٹری دفاع آصف یاسین سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل اور مالدیپ کے چیف آف ڈیفنس فورسز میجر جنرل احمد شہام نے اپنی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مالدیپ کے چیف آف سٹاف ڈیفنس فورس میجر جنرل احمد شہام کو جنرل ہیڈکواٹرز آمد پر گارڈ آف آنر دیا گیا۔ میجر جنرل احمد شہام نے یادگار شہداء پر پھول چڑھائے اور خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستانی فوج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ مالدیپ کے ڈیفنس چیف سے ملاقات کے دوران سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) آصف یاسین نے کہا پاکستان مالدیپ کی آزادی و خود مختاری کی مکمل حمایت کرتا ہے ہر علاقائی و عالمی فورم پر مالدیپ کی بھرپور تائید جاری رکھی جائے گی سیکرٹری دفاع نے انہیں دفاعی تعاون میں تربیت کی فراہمی چھوٹے ہتھیار، گولہ بارود، جیے ایف سیوینٹین لڑاکا طیارے سپر مشاق تربیتی طیارے اور بلٹ پروف جیکٹوں کی فراہمی کی پیشکش کی۔ مالدیپ کے چیف آف ڈیفنس نے فوجی تربیت کے شعبہ میں خاصی دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔ جبکہ جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز میں انہوں نے جنرل راشد محمود سے ملاقات کی۔