• news

نیشنل کرائسز مینجمنٹ سیل کو قومی انسداد دہشت گردی اتھارٹی میں ضم کر دیا گیا

 اسلام آباد (آئی ا ین پی) وزارت داخلہ کے نیشنل کرائسز مینجمنٹ سیل کو قومی انسداد دہشت گردی اتھارٹی (نیکٹا ) میں ضم کر دیا گیا،ابتدائی طور پر نیکٹا کا آپریشنل ونگ وزارت داخلہ میں ہی کام کرے گا، بجٹ کی منظوری کے بعد نیکٹا کا الگ دائریکٹوریٹ قائم کیا جائے گا ، پیرکو ذرائع  کے مطابق انسداد دہشت گردی، ملک میں امن و امان کی صورتحال کی بحالی سمیت سکیورٹی امور سے متعلق انٹیلی جنس اداروں اور صوبوں سے رابطہ کاری کے فرائض سر انجام دینے والے وزارت داخلہ کے ذیلی ادارے نیشنل کرائسز مینجمنٹ سیل (این سی ایم سی ) کو باضابطہ طور پر نیکٹا میں ضم کر دیا گیا ہے اور اس کے تمام افسران اورچھوٹے ملازمین بھی نیکٹا میں خدمات سر انجام دینگے، سیل کے 20 کنٹریکٹ ملازمین کو فارغ کر دیا گیا ہے، ذرائع کے مطابق  بجٹ کی منظوری تک  نیکٹا  کا آپریشنل ونگ وزارت داخلہ میں ہی کام کرے گا تاہم اتھارٹی کے بجٹ کی منظوری  ہوتے ہی اس کا الگ ڈائریکٹوریٹ قائم کیا جائے گا ، واضح رہے کہ نئی قومی داخلی سلامتی پالیسی میں نیکٹا کو ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے اہم کر دار دیا گیا ہے اور یہ انسداد دہشت گردی کے یک نکاتی ایجنڈے پر کام کرتے ہوئے وفاقی  اور صوبائی حکومتوں سمیت ملک کی سول و فوجی انٹیلی جنس ایجنسیوں سمیت بیرونی ممالک سے رابطہ کاری کا فریضہ بھی سر انجام دے گا۔

ای پیپر-دی نیشن