بلاول کیخلاف متنازعہ ٹویٹ پر عمران کے بھتیجے حسن نیازی سٹی یونیورسٹی لندن کا انتخاب ہار گئے
لندن (آئی این پی) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے بھتیجے حسن نیازی کو بلاول بھٹو زرداری کے خلاف متنازع ٹویٹ لے ڈوبا، بلاول کو ہم جنس پرستوں سے بدترین قرار دینے پر سٹی یونیورسٹی لندن میں سٹوڈنٹس یونین کا صدارتی انتخاب ہار گئے، متنازعہ ٹویٹ پر معافی بھی مانگ لی۔ برطانوی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق عمران خان کے بھتیجے حسن خان نیازی نے سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ ٹوئیٹر پر بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے ثقافتی شو منعقد کرانے کے ذکر پر اسے ہم جنس پرستوں سے بھی بدتر قرار دیا جس پر سٹوڈنٹ جرنلسٹس، انسانی حقوق اور ہم جنس پرستوں کی تنظیموںنے یونیورسٹی میں معاملہ اٹھاتے ہوئے اسے انسانی حقوق کے خلاف قرار دیا۔ معروف برطانوی اخبار دی گارڈین نے حسن نیازی کے ٹویٹ کو شہ سرخی کے طور پر شائع کرتے ہوئے لکھا عمران خان کے بھتیجے نیازی ہم جنس پرستوں سے خوفزدہ ہیں۔ اس پر حسن نیازی نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا گارڈین نے اس معاملے کو عمران خان سے منسلک کر کے غلط کیا ہے، میری اپنی پہچان ہے۔ برطانوی اخبار سٹینڈرڈ سے گفتگو میں حسن نیازی نے ٹویٹ کو متنازعہ بنانے کی کوشش کو اسے الیکشن میں شکست دلوانے کی بھونڈی حرکت قرار دیا اور کہا اس نے ایک دوست سے مذاق کے دوران یہ ٹویٹ کیا اور اسی لفظ کو غلط طریقے سے استعمال کر کے میرے خلاف الیکشن مہم میں استعمال کیا گیا، حالانکہ پاکستان میں ایسی باتوں کو جرم نہیں سمجھا جاتا، تاہم اس سے کسی کی دل آزاری ہوئی تو میں معافی مانگتا ہوں۔ یونیورسٹی کی الیکشن کمیٹی نے انتخابات موخر کرنے کی نیازی کی درخواست بھی مسترد کر دی تھی۔