طالبان سے جنگ بندی کے بعد ملک میں سلامتی کی صورتحال خاطرخواہ بہتر ہوئی: کانفلکٹ مانیٹرنگ سینٹر
اسلام آباد(ثناء نیوز)ریاست مخالف تشدد پر نظر رکھنے والے آزاد تحقیقاتی ادارے کانفلکٹ مانیٹرنگ سینٹر کی ہفتہ وار سکیورٹی رپورٹ کے مطابق طالبان کے ساتھ جنگ بندی کے بعد ملک میں سلامتی کی صورتحال میں خاطر خواہ بہتری ہوئی۔ جنگ بندی کے اعلان کے بعد پہلے ہفتے میں جنگجو حملوں میں 57 فیصد جبکہ ان حملوں میں ہونے والی ہلاکتوں میں 67 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ 2سے 8 مارچ کے دوران سی ایم سی نے مجموعی طور پر 16جنگجو حملے ریکارڈ کیے ۔ ان سولہ حملوں میں 26 افراد ہلاک ہوئے۔ ان میں سے بھی نصف تعداد صرف ایک حملے میں ماری گئی جو 3 مارچ کو اسلام آباد کچہری میں ہوا تھا۔ دیگر 15 حملوں میں صرف 14 افراد ہلاک ہوئے۔ اس سے گزشتہ ہفتے (23 فروری تا یکم مارچ2014 ) کے دوران 37جنگجو حملے ہوئے تھے جن میں 69 افراد ہلاک اور 49 زخمی ہوئے تھے۔ جنگ بندی کا سب سے زیاد ہ نمایاں اثر فاٹا میں دیکھنے میں آیا۔