• news

سیز فائر پر قائم ہیں‘ مشرف پر حملے کا کوئی پروگرام نہیں: طالبان

مہمند ایجنسی/ پشاور (نوائے وقت رپورٹ/ آئی این پی) کالعدم تحریک طالبان  مہمند ایجنسی کے رہنما عمر خراسانی نے کہا ہے کہ سیزفائر کے معاہدے پر قائم ہیں۔ پرویز مشرف  سمیت کسی ہدف کو نشانہ بنانے کا کوئی پروگرام نہیں۔ پرویز مشرف پر حملے کی منصوبہ بندی سے متعلق اطلاعات بے بنیاد ہیں۔ سیاسی مقاصد کیلئے ہمارا نام استعمال نہ کیا جائے۔ قبل ازیں ترجمان کالعدم تحریک طالبان پاکستان شاہد اللہ شاہد نے کہا تھا کہ ہماری جانب سے مکمل سیز فائر ہے، ہم نے پاکستان میں کہیں بھی اپنا دفتر کھولنے کا مطالبہ نہیں کیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق ترجمان کالعدم تحریک طالبان پاکستان شاہد اللہ شاہد نے نامعلوم مقام سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ طالبان مذاکراتی کمیٹی اور حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے اراکین رابطے میں ہیں، ہم معاہدے کے مطابق مکمل سیزفائر کر رہے ہیں۔شاہد اللہ شاہد کا کہنا تھا کہ حکومت سے براہ راست مذاکرات شمالی یا جنوبی وزیرستان میں ہی ہوں گے۔ احرارالہند اور دیگر ایسی تنظیموں کا کھوج لگانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ مولانا سمیع الحق کی قیادت میں کمیٹی پر مکمل اعتماد ہے‘ مذاکراتی عمل کی کامیابی کیلئے بہتر ہوگا کہ لاشوں کی سیاست نہ کی جائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ طالبان حکومت سے براہ راست مذاکرات کیلئے تحریک طالبان پاکستان پر سے پابندی اٹھانے کا مطالبہ کریں گے۔ دریں اثناء عمر خالد خراسانی کا کہنا تھا کہ مذاکراتی عمل پر یقین رکھتے ہیں اور اپنے امیر کا حکم ماننے کے پابند ہیں۔ وزیر داخلہ پرویز مشرف پر حملے سے متعلق ہمارا نام استعمال نہ کریں۔ سیاسی مقاصد کیلئے طالبان کا نام استعمال کرنے سے امن عمل کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن