ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ : وارم اپ میچز آج سے شروع ‘ قومی ٹیم کی کل بنگلہ دیش روانگی
ڈھاکہ+لاہور (این این آئی+سپورٹس رپورٹر)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے مطابق ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2014ء کے وارم اپ میچوں کا سلسلہ آج سے شروع ہوگا۔ میگا ایونٹ 16 مارچ سے 6 اپریل تک کھیلا جائے گا۔ آئی سی سی اعلامیہ کے مطابق میگا ایونٹ کے دوران مجموعی طور پر ٹیموں کے درمیان 16 وارم اپ میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلے آٹھ وارم اپ میچ ابتدائی رائونڈ سے قبل جبکہ بقیہ آٹھ وارم اپ میچز سپر 10 مرحلے سے قبل کھیلے جائیں گے۔ ابتدائی رائونڈ سے قبل 12 مارچ کو چار وارم اپ میچ کھیلے جائیں گے جس میں بنگلہ دیش کی ٹیم متحدہ عرب امارات کے مدمقابل ہو گی، افغانستان کا مقابلہ ہالینڈ سے اور زمبابوے کا مقابلہ ہالینڈ سے ہو گا، 14 مارچ کو کھیلے جانے والے وارم اپ میچوں میں نیپال کا مقابلہ متحدہ عرب امارات، بنگلہ دیش کا مقابلہ آئرلینڈ، افغانستان کا مقابلہ زمبابوے جبکہ ہانگ کانگ کا مقابلہ ہالینڈ سے ہو گا۔ سپر 10 مرحلے سے قبل 17 مارچ کو دو وارم اپ میچ کھیلے جائیں گے جس میں پاکستان کی ٹیم نیوزی لینڈ اور بھارت کی ٹیم بنگلہ دیش کے مدمقابل ہو گی، 18 مارچ کو شیڈول میچوں میں ویسٹ انڈیز کا مقابلہ انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کا بنگلہ دیش سے ہو گا جبکہ 19 مارچ کو آخری چار وارم اپ میچ کھیلے جائیں گے، پاکستان کا مقابلہ جنوبی افریقہ، سری لنکا کا ویسٹ انڈیز، انگلینڈ کا مقابلہ بھارت اور آسٹریلیا کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے ہو گا۔ ویمن وارم اپ میچز 18، 20 اور 21 مارچ کو کھیلے جائیں گے۔ قومی کرکٹ ٹیم ورلڈ ٹونٹی 20میں شرکت کیلئے 13اور 14 مارچ کی درمیانی شب لاہور سے بنگلہ دیش روانہ ہوگی تاہم مایہ نازآل رائونڈر شاہد خان آفریدی 2یا3 روز کی تاخیر سے سکواڈ کو جوائن کرینگے۔ 17مارچ کو نیوزی لینڈ کیخلاف وارم اپ میچ میں بھی شریک نہیں ہو سکیں گے۔ڈاکٹرز نے قومی ٹیم کے مایہ ناز آل رائونڈر شاہد خان آفریدی کو آرام کا مشورہ دیدیا ہے جس کے باعث شاہد خان آفریدی دو یا تین روز کی تاخیر سے بنگلہ دیش جائینگے۔ شاہد خان آفریدی نے بتایا کہ گروئن انجری کی وجہ سے ڈاکٹرز اور فزیو کے مشورے پر ایک ہفتہ آرام کروں گا، ٹریٹمنٹ کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، امید ہے کہ میگا ایونٹ سے قبل مکمل فٹ ہو جاؤں گا۔ ٹیم میں شامل وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے انڈور حال میں بھرپور پریکٹس میں حصہ لیا جبکہ کپتان محمد حفیظ اور اوپنر احمد شہزاد نے بھی نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے جمنیزیم میں فٹنس ٹریننگ کی۔