نرسوں کے احتجاج کی آڑ میں عمران اپنی سیاست نہ چمکائیں: رانا ثنا
لاہور (خصوصی رپورٹر) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ نرسوں کے احتجاج کی آڑ میں عمران خان اپنی سیاست نہ چمکائیں۔ عمران خان ایک فلاپ لیڈر ہیں اور وہ اس حقیقت کو تسلیم کر لیں۔ حکومت پنجاب نے ڈاکٹروں اور نرسوں کے سروس سٹرکچر کی بہتری کے لئے جو انقلابی اقدامات کئے ہیں ان کی مثال نہیں ملتی۔ عمران خان کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان دوسروں کے معاملات میں ٹانگ اڑانے اور اپنی دم توڑتی سیاست کو آکسیجن دینے کیلئے ہر مجمع میں بن بلائے مہمان بن کر پہنچ جاتے ہیں۔ کسی ٹھوس ایجنڈے اور سیاسی قد کاٹھ سے عاری عمران خان ہر اس پلیٹ فارم کو ذاتی پبلسٹی کے لئے استعمال کرتے ہیں جس میں انہیں اپنا سیاسی مفاد نظر آتا ہو۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ عمران خان کی فلاپ سیاست اب دوسروں کی احتجاجی ریلیوں اور دھرنوں کے سہارے چل رہی ہے۔