دولت مشترکہ کے ممالک بچوں کے تحفظ کیلئے موثر اقدامات کریں: ملالہ یوسفزئی
لندن (اے پی اے) ملالہ یوسف زئی نے کہا ہے دولت مشترکہ کے ممالک بچوں کو بہتر تحفظ فراہم کرنے کیلئے موثر اقدامات کریں۔ وہ لندن کے ویسٹرن منسٹر ایبے میں کامن ویلتھ ڈے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کررہی تھیں۔ تقریب میں ملکہ الزبتھ سمیت شاہی خاندان کے دیگر افراد نے شرکت کی۔ ملالہ یوسفزئی نے کہا آج یہاں موجود ہونا میرے لئے ایک اعزاز کی بات ہے، دولت مشترکہ کا فورم دراصل اقوام عالم کیلئے ایک خاندان کی طرح ہے جس میں رنگ، مذہب اور صنف کی کوئی تفریق نہیں ہے۔ دنیا بھر میں سکول جاتے بچوں کو روز کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ پاکستان، بھارت اور بیشتر افریقی ممالک میں تعلیم کے حصول میں غربت، تشدد اور ثقافتی رکاوٹوں سمیت بہت سی رکاوٹیں ہیں۔ ملالہ نے دولت مشترکہ کے ممالک پر زور دیا کہ وہ سکول میں بچوں کی 100 فیصد حاضری کو یقینی بنانے اور بچوں کو جبری مشقت اور انسانی سمگلنگ سے بچانے کیلئے اقدامات کریں۔