• news

سیکورٹی خدشات عدالت کو بھی ہیں : جسٹس فیصل …مشرف پر حملے کی اطلاع دینے والی ایجنسی کے سربراہ کی آج طلبی

اسلا م آباد (ایجنسیاں) خصوصی عدالت نے سابق صدر مشرف پر حملہ کی اطلاع دینے والی انٹیلی جنس ایجنسی کے سربراہ کو آج (جمعرات) کو ایک بجے چیمبر میں بریفنگ کے لئے طلب کر لیا ہے جبکہ عدالت نے منگل کے روز بدتمیزی کرنے والے پرویز مشرف کے وکیل رانا اعجاز پر کمرہ عدالت میں داخل ہونے پر پابندی لگاتے ہوئے ان کے خلاف کارروائی کے لئے معاملہ پاکستان بار اور پنجاب بار کونسل کو بھجوا دیا ہے جبکہ عدالت نے کیس کی مزید سماعت آج (جمعرات) تک ملتوی کر دی۔ خصوصی عدالت کی ہدایت پر رجسٹرار عبدالغنی سومرو نے سکیورٹی اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ مشرف کے وکیل رانا اعجاز کو کمرہ عدالت میں داخل نہ ہونے دیں۔ کمرہ عدالت میں داخل ہونے سے روکنے پر رانا اعجاز نے برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ ہر فورم پر اپنا دفاع کریں گے انہیں بغیر نوٹس جاری کئے عدالت میں داخل ہونے سے روک دیا گیا ہے۔ عدالت نے جوائنٹ سیکرٹری داخلہ کو روسٹرم پر بلا کر ہدایات جاری کیں کہ متعلقہ خفیہ ایجنسی کے سربراہ آج (جمعرات) ایک بجے چیمبر میں ججوں کو، مشرف کو لاحق سکیورٹی خدشات کے بارے میں آگاہ کریں کہ مشرف کو کس قسم کے سکیورٹی خدشات لاحق ہیں۔ عدالت کو بتایا گیا کہ مشرف کے وکیل انور منصور طبیعت کی ناسازی کی بنا پر پیش نہیں ہوئے جبکہ شریف الدین پیزادہ نے عدالت سے استدعا کی کہ کل (جمعہ) کے روز تک سماعت ملتوی کی جائے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا اعجاز نے کہا کہ مجھے عدالت سے معافی مانگنے کا کہا گیا ہے مجھے توہین عدالت کا نوٹس نہیں دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ معافی نہیں مانگوں گا جس نے گرفتار کرنا ہے کر لے۔ آئی این پی کے مطابق سماعت کے آغاز پر جسٹس فیصل عرب نے کہا کہ انہوں نے گذشتہ روز کچھ دستاویزات دیکھی ہیں، جس کے تحت خطرہ صرف ملزم کو نہیں، عدالت، پراسیکیوٹر اور وکلاء  صفائی کو بھی ہے‘ ہم سب کی سکیورٹی کے بارے میں بھی خدشات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر استغاثہ ٹیم کے رکن طارق حسن نے کہا کہ انہیں بھی اس معاملے پر تشویش ہے، وہ بھی اس معاملے کو غیر سنجیدہ نہیں لے رہے۔ جب بھی ملزم کو عدالت میں پیش ہونا ہوتا ہے کچھ نہ کچھ ہو جاتا ہے۔ یہی سب کے مفاد میں ہے کہ حفاظتی اقداما ت کئے جائیں۔ جسٹس فیصل عرب نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات میں کوئی نہ کوئی تو ملوث ہوتا ہی ہوگا جادو کے ذریعے تو یہ سب کچھ نہیں ہوتا۔ پرویز مشرف کے وکیل شریف الدین پیرزادہ نے کہا کہ سلمان تاثیر کے ساتھ جو کچھ ہوا، اس کے بارے میں سب ہی جانتے ہیں، اب بھی ایسے عناصر موجود ہیں جو پرویز مشرف کو نقصان پہنچانے کے لئے کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن