ڈالر 100 روپے سے نیچے آ گیا، شیخ رشید سیاست چھوڑ دیں: رانا ثنائ، مشاہد اللہ، پٹرول 50 سے کم کر دیں استعفیٰ حاضر ہے: شیخ رشید
لاہور + اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+آن لائن) صوبائی وزیر قانون و بلدیات رانا ثناء اللہ خان ہے کہا ہے کہ قانون پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلی نے بنانا ہوتا ہے اسلامی نظریاتی کونسل صرف سفارشات پیش کر سکتی ہے۔ شیخ رشید نے دعویٰ کیا تھاکہ ڈالر سو روپے سے نیچے آ گیا تو سیاست چھوڑ دوں گا اب انہیں اپنی زبان کی پاسداری کرنی چاہئے۔ وزارت داخلہ نے ایجنسیوں کی رپورٹ پر الرٹ جاری کیا ہے لیکن ایسا نہیں کہ پرویزمشرف کو گھر سے عدالت لانے کیلئے انتظامات نہیں ہو سکتے ۔ پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ بعض لوگوں کا خیال تھاکہ ڈالر خرید کر رکھ لیں اس نے اوپر ہی جانا ہے اور ڈالر کی قیمت کو اوپر لیجانے میں ان لوگوں کا بڑا ہاتھ ہے لیکن جب ڈالر نیچے آ رہا ہے تو لوگوں نے اسے فروخت کرنا شروع کر دیا ہے۔ انہوں نے مولانا سمیع الحق کے اس بیان کہ طالبان سے مذاکرات کی وجہ سے ڈالر نیچے آیا ہے کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایسا کہہ سکتے ہیں لیکن اس میں حکومت کی کامیاب خارجہ اور معاشی پالیسیوں کا عمل دخل ہے۔ علاوہ ازیں مسلم لیگ ن کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مشاہد اللہ خان نے کہاہے کہ شیخ رشید کے چیلنج کو وزیر خزانہ نے قبول کر تے ہوئے اس کو سچ کر دکھایا کیونکہ شیخ جی بڑ ھکیں مارتے ہیں اب اپنے وعدے کو بھی پورا کریں جبکہ وزیر خزانہ نے بڑھک مارنے کی بجائے کام کرنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ وہ گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کو بڑھکیں نہیں مارنی چاہئے اب اخلاقی جرات کا مظاہرہ کرتے ہو ئے عوام سے کیا گیا وعدہ بھی پوراکریں کیونکہ وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار بڑھکوں کی بجائے کا م پر دھیان دیتے ہیں اب شیخ جی آئیں بائیں شائیں نہ کریں۔ علاوہ ازیں گفتگو کر تے ہوئے رکن قومی اسمبلی شیخ رشید نے کہا کہ میں وعدہ پر قائم ہوں اور اپنا استعفی جیب میں لے کر گھومتا ہوں تاکہ وقت ضرور دے سکوں انہوں نے کہا وزیر خزانہ پٹرولیم کی قیمتیں 50 روپے سے کم کردیں میرا استعفٰی حاضر ہے۔