نیدرلینڈ سے تجارت بڑھانے کی ضرورت ہے‘ وسائل کا رخ غریب طبقات کی طرف موڑ دیا : شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے نیدرلینڈ کے نائب وزیر برائے بیرونی تجارت سائمن سمٹس کی قیادت میں وفد نے گزشتہ روز ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پنجاب حکومت اور نیدرلینڈ نے اس موقع پر زراعت، لائیوسٹاک، ڈیری فارمنگ اور واٹر مینجمنٹ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ شہباز شریف نے نیدرلینڈ کے نائب وزیر برائے بیرونی تجارت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان باقاعدگی سے تجارتی وفود کے تبادلے نہایت ضروری ہیں۔ نیدرلینڈ کی حکومت اور ماہرین کے ساتھ زراعت، ڈیری فارمنگ اور واٹر مینجمنٹ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے سلسلے میں تیزرفتاری سے پیش رفت کی جائے گی۔ شہباز شریف نے نیدرلینڈ کے نائب وزیر سائمن سمٹس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور نیدرلینڈ کے درمیان بہترین دوستانہ تعلقات موجود ہیں۔ دونوں ملکوں کو باہمی تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ پنجاب میں زراعت، لائیوسٹاک، ڈیری فارمنگ اور واٹر مینجمنٹ کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ نیدرلینڈ کی حکومت اور ماہرین ان شعبوں میں تعاون کو فروغ دے سکتے ہیں۔ پنجاب حکومت نے اربوں روپے کی لاگت سے شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے ایک بڑا منصوبہ بنایا ہے جس پر مرحلہ وار ساڑھے چار سال میں عملدرآمد کیا جائے گا اور صوبہ پنجاب کے ہر شہری تک صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ نیدرلینڈ کے ماہرین بھی صاف پانی پراجیکٹ میں تکنیکی معاونت فراہم کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کا دودھ پیدا کرنے والا چوتھا بڑا ملک ہے جبکہ نیدرلینڈ کو ڈیری مصنوعات کی تیاری اور برآمدات میں خصوصی مہارت حاصل ہے۔ دونوں ملکوں کو اس شعبے میں تعاون بڑھانا چاہئے۔ پاکستان میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور توانائی بحران کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی زیر قیادت حکومت توانائی بحران اور انتہاپسندی کے رجحان کے خاتمے کیلئے بھی کوشاں ہے اور ان اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ شہباز شریف نے یورپی یونین میں پاکستان کو جی ایس پی پلس کا درجہ دلوانے میں حمایت پر نیدرلینڈ کی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے سے پاکستان کی ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں خاطرخواہ اضافہ ہو گا۔ اس موقع پر نیدرلینڈ کے نائب وزیر برائے بیرونی تجارت سائمن سمٹس نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں۔ پاکستان خصوصاً پنجاب کے ساتھ ڈیری فارمنگ، زراعت اور واٹر مینجمنٹ کے شعبوں میں تعاون کریں گے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ کونیدرلینڈ کے دورے کی دعوت بھی دی۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا ایجنڈا عوام کی ترقی اور انہیں بنیادی سہولتوں کی فراہمی ہے۔ اربوں روپے کے فنڈز عوام کو سہولتوں کی فراہمی کے منصوبوں پر صرف کئے جا رہے ہیں۔ وسائل کا رخ غریب طبقات کی فلاح و بہبود کی جانب موڑ دیا ہے۔ ہمارا ہر قدم محروم معیشت طبقات کو ریلیف کی فراہمی اور انہیں ترقی کے دھارے میں لانے کے لئے اٹھ رہا ہے۔ کم وسیلہ خاندانوں کی مالی معاونت کے پروگرام کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ غریب گھرانوں کی مالی معاونت کے لئے 23مارچ 2014سے خدمت کارڈ کا اجراء کیا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شہباز شریف نے ارکان ا سمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں گزشتہ دور حکومت میں مکمل کئے گئے ترقیاتی منصوبوں سے عوام مستفید ہو رہے ہیں۔ گزشتہ دور میں شروع کیا گیا پنجاب کی ترقی کا سفر کامیابی سے جاری ہے، محنت، امانت، دیانت اور جدوجہد کے ذریعے پنجاب کو ترقی کے لحاظ سے مثالی صوبہ بنائیں گے۔ حکومت کے فلاحی پروگراموں سے صوبے کے لاکھوں غریب خاندان مستفید ہو رہے ہیں۔ کم وسیلہ خاندانوں کو مالی معاونت کی فراہمی کے پروگرام سے بھی لاکھوں غریب خاندان مستفید ہوںگے۔ کم ترقی یافتہ علاقو ں میں ترقیاتی سکیمیں ترجیحی بنیادوں پر مکمل کی جا رہی ہیں۔ جنوبی پنجاب کی ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف کی زیرصدارت اجلاس میں لاہور رنگ روڈ اتھارٹی کے مختلف امورکا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ لاہور رنگ روڈ کے سدرن لوپ کی تعمیر کے منصوبے پر بھی غور کیا گیا۔ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تیز رفتار ترقی اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے جدید انفراسٹرکچر ضروری ہے۔ پنجاب حکومت صوبے بھر میں انفراسٹرکچر کی بہتر ی پر اربوں روپے صرف کررہی ہے۔ لاہور رنگ روڈ کے سدرن لوپ کی تعمیر کا منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ سدرن لوپ کی تعمیر سے عوام کو سفری سہولیات میسر آئیں گی۔ علاوہ ازیں شہباز شریف سے خیبر پی کے اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما سردار مہتاب عباسی نے گزشتہ روز ماڈل ٹاؤن میں ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔