ننکانہ: ہسپتال سے 2 خواتین نومولود بچے کو اٹھا کر فرار، واربرٹن کے قریب رکشہ ڈرائیور سمیت دونوں گرفتار، بچہ برآمد
ننکانہ صاحب (نمائندہ نوائے وقت) ڈی ایچ کیو ہسپتال ننکانہ صاحب کی نرسری وارڈ سے دو نامعلوم خواتین ایک نومولود بچے کو اٹھا کر فرار ہوگئیں۔ نواحی گائوں موڑا کے ظہور کی بیوی یاسمین منگل کے روز زچگی کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ننکانہ صاحب میں داخل ہوئی تھی جس کے ہاں ایک بچہ پیدا ہوا جس کو فوری طور پر نرسری وارڈ میں بھجوادیا گیا جبکہ اس کی والدہ کو زنانہ وارڈ میں منتقل کیا گیا۔ دو نامعلوم خواتین نرسری وارڈ میں داخل ہوئیں اور بچے کو اٹھا کر فرار ہو گئیںاطلاع ملنے پر ڈی سی او ننکانہ صاحب ڈاکٹر عثمان خاں موقع پر پہنچ گئے جبکہ ضلعی پولیس نے ننکانہ صاحب سمیت قریبی علاقوں میں ناکہ بندی کر دی اسی دوران قصبہ واربرٹن کے قریب پولیس نے ایک رکشہ میں سوار دو مشکوک خواتین کوروکا اور چیک کیاگیا تو ان کے پاس ایک نومولود بچہ موجود تھا۔ پولیس نے ابتدائی تفتیش کے بعد بچہ اوران دونوں خواتین کو حراست میں لے کرڈی ایچ کیو ہسپتال پہنچایا جہاں بچے کے لواحقین نے اپنا بچہ پہچان لیا پولیس نے رکشہ ڈرائیور اور دونوں خواتین کو گرفتار کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ان ملزمان خواتین کا تعلق نواحی گائوں کوٹ کرم دین سے ہے جن سے مزید انکشافات کی توقع ہے۔