بحریہ ٹاؤن نے متاثرین کیلئے 3 موبائل ہسپتال تھر بھیج دئیے
لاہور (نوائے وقت رپورٹ/این این آئی) بحریہ ٹاؤن نے تھر متاثرین کیلئے لاہور سے تین موبائل ہسپتال تھر روانہ کر دئیے۔ چیئرمین بحریہ ٹاؤن نے اس موقع پر کہا کہ تھر میں 6 ماہ تک رفاہی کام کرتے رہیں گے۔ ان موبائل یونٹس کو ہیلتھ کیئر یونٹس کا نام دیا گیا ہے جن میں تھر کے متاثرین کیلئے تمام طبی سہولتیں موجود ہیں۔ تھر کے عوام مایوس نہ ہوں، ہماری ٹیمیں وہاں پہنچ چکی ہیں۔ حکومت تھر کے متاثرین کیلئے کچھ کرے نہ کرے، ہم مدد جاری رکھیں گے۔ دوسری جانب بحریہ ٹاؤن کے ترجمان نے کہا ہے کہ تھر کے عوام کی مدد کے لئے ہنگامی منصوبہ تیار کرلیا ہے۔ فوج کے ساتھ مل کر امدادی کاموں میں حصہ لینا چاہتے ہیں۔ ایک بیان میں ترجمان نے کہا کہ بحریہ ٹاؤن حکومت کے ساتھ مل کر تھر میں ویران سکول اور ہسپتال چلائیگی، تھر میں 1300 فٹ کی گہرائی پر پینے کا پانی میسر ہے ٹربائن کے ذریعے پانی نکال کر تھر کے عوام کو فراہم کیا جائیگا۔ ترجمان کے مطابق بحریہ ٹاؤن کی خواہش ہے کہ پاک فوج کے ساتھ مل کر امدادی کارروائیوں میں حصہ لیں۔