ملکی معیشت میں لائیو سٹاک سیکٹر کا کردار انتہائی اہم ہے: گورنر سرور
لاہور(سٹی رپورٹر) محکمہ لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ اور پاکستان ویٹرنری میڈیکل ایسوسی ایشن کے مشترکہ تعاون سے ایوان اقبال لاہور میں منعقدہ دو روزہ انٹرنیشنل لائیوسٹاک اینڈ پولٹری کانگریس اختتام پذیر ہو گئی۔ کانگریس کے اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور تھے۔ اس موقع پر خصوصی نمائش کابھی اہتمام کیا گیا جس میں محکمہ لائیوسٹاک ، فارماسیوٹیکل اور لائیوسٹاک مصنوعات بنانے والی کمپنیوں،دیگرویٹرنری اورتربیتی اداروںنے سٹالز لگائے۔ تقریب میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری محمدسرورگورنرپنجاب نے کہاکہ ملکی معیشت میں لائیوسٹاک سیکٹر بہت اہم کردار ادا کر رہا ہے ۔ لائیوسٹاک سیکٹر کا حصہ ملکی پیداوار میں 11.90 فیصد اور زراعت کی مجموعی پیداوار میں 55.40 فیصد ہے۔ ملک کی 35 سے 40 ملین دیہی آبادی اس شعبہ سے منسلک ہے اور اپنی آمدن کا40 فیصد لائیوسٹاک کے کاروبار سے ہی حاصل کرتی ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ لائیوسٹاک نے لائیوسٹاک کی ترقی کے لیے بہت سے منصوبہ جات مکمل کئے ہیں جن میں پنجاب ایگریکلچر اینڈمیٹ کمپنی،پنجاب لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ بورڈ کا قیام شامل ہے اس کے علاوہ لائیوسٹاک ریگولیٹری رجیم پر کام کیاجا رہا ہے۔