• news

لاپتہ مسعود جنجوعہ کیس: ڈاکٹر عمران کا بیان ویڈیو لنک پر لینے کی اجازت

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ نے لاپتہ مسعود جنجوعہ کیس میںگواہ ڈاکٹر عمران منیر کا بیان ویڈیو لنک پر لینے کی اجازت دیتے ہوئے کیس کی سماعت پندرہ روز تک ملتوی کر دی۔ عدالت کو بتایا گیا کہ پنجاب پولیس کے ایس پی ہارون جوئیہ کو سری لنکا کے شہر کینڈی بجھوا دیا گیا ہے جس نے وہاں عمران منیر سے ملاقات کرنی ہے۔ جبکہ عمران منیر نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کو ایک ای میل کی ہے جس میں ان کا موقف ہے کہ وہ حکومت پاکستان کے کسی نمائندے کو کسی قسم کا بیان نہیں دیں گے ان کو صرف سپریم کورٹ پر اعتماد ہے وہ سپریم کورٹ کو ویڈیو لنک کے ذریعے بیان ریکارڈ کروا سکتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ اب پاکستانی شہری نہیں ہیں وزارت دفاع نے ان کا پاکستانی پاسپورٹ این آئی سی منسوخ کر دیا ہے میں نے یو این کے چارٹر کے مطابق سری لنکا میں پناہ لے رکھی ہے۔ جس پر عدالت نے عمران منیر کا بیان ویڈیو لنک پر لینے کی اجازت دے دی اور ایس پی ہارون جوئیہ کا بیان ریکارڈ کر کے ایک ہفتے میں سپریم کورٹ میں جمع کروانے کا حکم دے دیا۔

ای پیپر-دی نیشن