پشاور: جائیداد کا تنازعہ، سابق سینیٹر عبدالرحمن نے ساتھیوں سمیت فائرنگ کر کے 2 بھائیوں کو قتل کر دیا
پشاور (این این آئی) پشاورکے علاقہ چمکنی میں جائیداد کے تنازعے پر سابق سینیٹر اور مہمند ایجنسی کے معروف سیاسی و مذہبی شخصیت عبدالرحمن نے ساتھیوں سمیت مبینہ طور پر فائرنگ کرکے اپنے دو بھائیوں کو قتل کر دیا۔ مرنے والوں میں مسجد درویش و جامعہ امدادالعلوم کے مہتمم مولانا اسحاق بھی شامل ہیں۔ پولیس نے عبدالرحمن کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے چمکنی پولیس کے مطابق عبدالرحمن اپنے دیگر ساتھیوں اور پولیس گارڈز کے ہمراہ چمکنی میں اپنے رہائش گاہ پر موجود تھے اس دوران انکے دو بھائی مولانا اسحاق اور مولانا عبدالودود مسلح ساتھیوں کے ساتھ آئے۔ فریقین میں جائیداد کے تنازعے پر تکرار ہوئی جو خونی معرکے پر ختم ہوئی۔ پولیس کے مطابق عبد الرحمن اور انکے ساتھیوں کی فائرنگ سے مولانا اسحاق اور عبدالودود جاں بحق ہوئے۔ اے ایس پی چمکنی محمد فیصل کے مطابق عبد الرحمن اور مولانا اسحاق کے درمیان ایک عرصے سے جائیداد کا تنازعہ چلا آرہا تھا واقعہ کے بعد پولیس نے علاقہ کو گھیر ے میں لیکر لاشیں لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کی۔ مولانا اسحاق کی اہلیہ مسماہ آمنہ کی ایف آئی آر پر سابق سینٹر عبدالرحمن اوران کے بیٹے امداد کو حراست میں لیکر تفتیش شروع کر دی گئی ہے جبکہ مولانا اسحاق اور مولانا عبدالودود کی نمازہ جنازہ جامعہ امداد العلوم میں سخت سکیورٹی میں ادا کر دی گئی جس میں مختلف مکاتب فکر کے لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔