• news

میٹروبس سروس کا منصوبہ قلیل مدت میں تعمیر کی تاریخ کا ایک عجوبہ ہے: وزیر ٹرانسپورٹ سندھ

لاہور (خصوصی رپورٹر) کراچی کے عوام کو بین الاقوامی معیار کی جدید سفری سہولیات کی فراہمی کے لئے لاہو ر کی طرز پر ییلو لائن کے نام سے کراچی میں میٹرو بس سروس شروع کی جائے گی۔ میٹرو بس منصوبہ ٹرانسپورٹ کے شعبہ میں ایک منفرد مقام رکھتا ہے۔ وزیراعلی سندھ کی ہدایت پر لاہور میٹرو منصوبے کا جائزہ لینے کے لئے  لاہور آیا ہوں۔ یہ بات سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ سردار ممتاز جاکھرانی نے لاہور میں ایل ٹی سی کے دفتر کے دورے بعد 90 شاہراہ قائداعظم پر چیئرمین ایل ٹی سی خواجہ احمد حسان سے ملاقات میں بتائی۔ وزیر ٹرانسپورٹ سندھ سردار ممتاز جاکھرانی نے کہا کہ میں وزیراعلی شہباز شریف اور حکومت پنجاب کا انتہائی مشکور ہوں کہ انہوں نے ہمیں پنجاب میں ویلکم کیا اور میٹروبس سروس جو کہ قلیل مدت میں تعمیر کی تاریخ کا ایک عجوبہ ہے کے بارے بریفنگ دی انہوں نے کہا کہ اس عظیم منصوبے کی طرز پر حکومت سندھ نے بھی 26 کلومیٹر طویل ییلو لائن کے نام سے ٹرانسپورٹ سروس شروع کرنے کا ارادہ کیا ہے۔ انہوں نے بتایا 20 مارچ 2014ء کو اس منصوبے کے ٹینڈرز کھولے جائیں گے۔ اس موقع پر خواجہ احمد حسان نے صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ سندھ کو بتایا کہ لاہور میٹروبس سروس کے افتتاح کے موقع پر وزیر اعلی شہباز شریف نے خصوصی طور پر اس بات کا اظہار کیا تھا کہ کاش میں یہ افتتاح کراچی میٹروبس سروس کا کر رہا ہوتا، تب میں بہت خوش ہوتا۔

ای پیپر-دی نیشن