سندر: لڑکی زیادتی کے بعد قتل‘ ہاتھ پائوں کٹی بوری بندش نعش سڑک پر پھینک دی
لاہور (سٹاف رپورٹر) سندر کے علاقے میں نامعلوم افراد نے اغوا اور زیادتی کے بعد 18سالہ لڑکی کے ہاتھ پائوں کاٹ کر نعش بوری میں بند کرکے سڑک پر پھینک دی۔ پولیس کے مطابق لڑکی کو 20 دن قبل قتل کرکے بوری میں بند کیا گیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ تھانہ سندر کی حدود نولاں والی چھلار میں ایک نامعلوم 18سالہ لڑکی کی نعش دیکھ کر راہ گیروں نے سندر پولیس کو اطلاع دی جس پر پولیس نے نعش قبضہ میں لیکر مردہ خانے بھجوا دی۔ پولیس کے مطابق مقتولہ نے کالا ٹرائوزر اور سکن رنگ کی ٹی شرٹ پہن رکھی ہے۔ نعش کے ہاتھ پائوں کٹے ہوئے ہیں۔ شبہ ہے خاتون کو اغوا اور زیادتی کے بعد تشدد کرکے قتل کیا گیا ہے۔ پوسٹمارٹم کے بعد حقائق معلوم ہو سکیں گے۔ شکل اور حلیہ سے خاتون کسی اچھے گھر کی لگتی ہے۔ پولیس کے مطابق خاتون کی نعش بیس پچیس روز پرانی ہونے کے باعث اس کی شناخت میں مشکل آرہی ہے۔ نامعلوم ملزموں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔