• news

شہر میں ڈاکے، چوریاں عروج پر، 70 لاکھ کا مال و زر لوٹ لیا گیا

لاہور+ ظفروال (سٹاف رپورٹر+ نامہ نگار) صوبائی دارالحکومت میں 70 لاکھ سے زائد کا مال و زر لوٹ لیا گیا جبکہ ظفروال میں چور ایک کروڑ کا سونا لے گئے۔ مصطفی آباد کے علاقہ دھرم پورہ کے رہائشی ناصر کے اہل خانہ سے اسلحہ کے زور پر 52لاکھ 25ہزار روپے مالیت کی نقدی، زیورات اور دیگر قیمتی سامان لوٹ کر لے گئے۔ گلشن اقبال میں ڈاکٹر ناصر اور اس کی فیملی سے 3لاکھ روپے وزیورات چھین، ہنجروال میں احمد کے اہل خانہ سے 1لاکھ 50ہزار روپے وگھریلو سامان، اقبال ٹائون میں عثمان سے 50ہزار روپے، موبائل، مغل پورہ میں سلطان سے 9ہزار روپے و موبائل، ساندہ میں مطلوب سے 30ہزار روپے و موبائل چھین لیا۔ داروغہ والا کے بشارت کے گھر سے 7لاکھ 50ہزار روپے و زیورات، یوحنا آباد کے فاروق کے گھر سے 4لاکھ 50ہزار روپے و زیورات چوری کر لئے گئے۔ ستوکتلہ میں علی، سبزہ زار میں عامرکی گاڑیاں جبکہ نواب ٹائون میں فہیم، سبزہ زار میں شاہد، ساندہ میں یوسف، شیرا کوٹ میں محسن، قلعہ گجر سنگھ میں ندیم، شالیمار میں عمران، ریس کورس میں اشفاق اور ارسلان کی موٹر سائیکلیں چوری کر لی گئیں۔ مزید برآں ظفروال سے نامہ نگار کے مطابق ظفروال  میں دکان سے ایک کروڑ سے زائد  کا سونا چوری کر لیا گیا۔ چوروں نے گیس سلنڈر سے سیف کاٹ کر واردات کی۔ تاجروں نے ہڑتال اور شدید احتجاج کیا۔ تاجروں  نے کہا مقامی پولیس انتظامیہ جرائم کو کنٹرول کرنے میں بری طرح کام ہو گئی اگر پولیس گشت کا نظام مؤثر ہوتا، پیشتر وارداتوں پر کارروائی کی جاتی تو یہ واقعہ  رونما نہیں ہو سکتا تھا۔  ڈی ایس پی  نے صحافیوں  کو بریفنگ  دیتے ہوئے کہا کہ ہم دو تین دن میں واردات کا سراغ لگانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ گزشتہ رات چور مین بازار ظفروال میں واقع مدنی جیولرز کی دکان میں چھت  کے پیچھے سے اندر داخل ہوئے  دکان میں رکھی آہنی سیف  کو گیس سلنڈر سے کاٹ کر اس سے زیورات جن کی مالیت 1کروڑ سے زائد بتائی جاتی ہے چرا کر لے گئے۔ پولیس کے مطابق چور دو سے تین ہو سکتے ہیں۔ پولیس نے فنگر پرنٹ ایکسپرٹ  کی مدد بھی حاصل کر لی ہے۔ شواہد اکٹھے کر رہی ہے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے  ہر زاویے سے تفتیش کی جا رہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن