• news

بھارتی ڈرامے، فلمیں ہندو ازم پھیلا رہی ہیں، علماء قوم کی رہنمائی کریں: حافظ سعید

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعۃ الدعوۃ پروفیسر حافظ محمد سعید نے احیائے نظریہ پاکستان مہم کے حوالہ سے ملک بھر کی مذہبی، سیاسی و کشمیری جماعتوں کے قائدین و رہنمائوں سے رابطوں کے لئے انتظامی کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں۔ وکلائ، اساتذہ، تاجر تنظیموں سے بھی رابطے کئے جائیں گے اور انہیں ملک بھر میں ہونے والے نظریہ پاکستان مارچ، سیمینارز، جلسوں و کانفرنسوں میں شرکت کی دعوت دی جائے گی۔ امیر جماعۃالدعوۃ حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ کلمہ طیبہ کی بنیادوں پر حاصل کئے گئے ملک کو نظریاتی و فکری طور پر نقصان پہنچانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ بھارتی فلموں اور ڈراموں کے ذریعہ نوجوان نسل میں ہندو ازم پھیلایاجا رہا ہے۔ پاکستان میں سیکولرازم پروان چڑھانے کیلئے بیرونی قوتیں بے پناہ سرمایہ خرچ کر رہی ہیں۔ فرقہ واریت اور گروہ بندیوں سے امت مسلمہ کا شیرازہ بکھر کر رہ گیا ہے۔ قرآن و سنت پر عمل کئے بغیرگمراہیوں کے یہ سلسلے ختم نہیں ہوں گے۔ علماء کرام قوم کی رہنمائی اور بیرونی قوتوں کی سازشوں کے توڑ کا فریضہ سرانجام دیں۔ انہوںنے کہا پاکستان میں سیکولرازم کو فروغ دینے کیلئے باقاعدہ تحریک شروع کی گئی ہے۔ بھارت و امریکہ کے تنخواہ دار کلمہ طیبہ کی بنیادوں پر حاصل کئے گئے ملک کی بنیادوں کو کھوکھلا کرنے اور لوگوں کو دین سے دور کرنے کی کوششیںکر رہے ہیں۔ پاکستان کے اسلامی تشخص کو ختم کرنے کی سازشیں کی جا رہی ہیں۔ قوم کو متحد و بیدار کر کے ان سازشوں کا پوری قوت سے مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے۔ حکمران و سیاستدان اپنی غلطیوں کی اصلاح کریں اور ملک و ملت کی سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے پالیسیاں ترتیب دیں۔ علماء کرام اور دینی جماعتوں کے قائدین کو بھی چاہئے کہ وہ امت مسلمہ کی رہنمائی کا فریضہ سرانجام دیں۔

ای پیپر-دی نیشن