وزیرستان جانے والا وفد بااختیار ہے‘ طالبان دفتر فاٹا میں بھی کھولا جا سکتا ہے: پرویز خٹک
نوشہرہ‘ پشاور (نوائے وقت رپورٹ‘ آن لائن) وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویزخٹک نے کہا ہے کہ امن مذاکرات کیلئے شمالی وزیرستان جانے والا وفد بااختیار ہے۔ مذاکرات میں مرکزی اور صوبائی حکومت ایک ہی پیج پر ہیں۔ طالبان سے بات چیت کیلئے عارضی طورپر دفتر کی بات کی۔ طالبان کا دفتر فاٹا میں بھی کھولا جا سکتا ہے۔ 30 اپریل کو بلدیاتی الیکشن کرانے کیلئے تیار ہیں۔ امن کو ایک موقع دینا ہوگا۔ امن کا قیام ہی ہماری اولین ترجیح ہے۔ وزیراعظم نوازشریف کی طرف سے امن کے قیام کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات کے اس دور میں شرائط سامنے آئیں گی۔ خیبر پی کے کے گورنر انجینئر شوکت اللہ‘ وزیراعلیٰ پرویز خٹک اور کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل خالد ربانی کے مابین گورنر ہائوس پشاور میں منعقدہ ایک اجلاس میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ شمالی وزیرستان ایجنسی میں رونما ہونے والی نئی صورتحال کے تناظر میں امن و امان کی صورتحال خصوصی طورپر زیرغور آئی اور اس کی روشنی میں کئی اہم فیصلے کئے گئے۔