پنجاب اسمبلی : ڈویلپمنٹ آف سٹی سمیت تین بل منظور‘ ڈاکٹر نوازشریف ‘ عمران ملاقات کا خیرمقدم
لاہور (سپیشل رپورٹر+ خصوصی نامہ نگار+ سپورٹس رپورٹر+ کامرس رپورٹر) پنجاب اسمبلی نے ڈویلپمنٹ آف سٹی بل منظور کر لیا ہے جو بدھ کے روز منظور نہیں ہو سکا تھا اس بل کو پنجاب اسمبلی میں پیش کیا گیا جس کے بعد اس کو منظور کر لیا گیا۔ اسی طرح نوازشریف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی بل، پنجاب انڈسٹریل ریلیشن ترمیمی بل، پنجاب مینٹل ہیلتھ بل، پنجاب ری پروڈکٹو اسمبلی بل مختلف قائمہ کمیٹیوں کے سپرد کر دئیے گئے ہیں۔ جبکہ مسودہ قانون لاہور گیریژن یونیورسٹی 2014ء اور ترمیمی مسودہ قانون ادائیگی اجرت پنجاب 2013ء کی منظوری کے لئے اپوزیشن کی جانب سے پیش کی گئی تمام ترامیم کو مسترد کرتے ہوئے بلوں کو کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا ہے۔ ایوان نے لاہور گیریژن یونیورسٹی 2014ء پر اپوزیشن ارکان کی جانب سے پیش کی گئیں تمام ترامیم کو کثرت رائے سے مسترد کر دیا۔ اپوزیشن رکن شنیلا رتھ کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی بل پر وزیر قانون جلد بازی کا مظاہرہ نہ کریں بلکہ اس بل کو منظوری سے پہلے اس کی عوام میں تشہیر کرائیں۔ یونیورسٹی کی فیس دیگر سرکاری یونیورسٹیز سے تجاوز نہ کرے۔ فائزہ ملک کا کہنا تھا کہ حکومت یونیورسٹی ضرور بنائے لیکن اس کی فیسوں کے تعین کے بارے میں بل میں کسی جگہ کوئی ذکر نہیں ہے۔ اس پر وزیر قانون رانا ثناء اﷲ نے کہا کہ اپوزیشن ارکان کی جانب سے جتنی بھی ترامیم پیش کی گئیں ہیں ان میں صرف بحث برائے بحث کے علاوہ کچھ نہیں تھا۔ دونوں بل منظور ہونے کے بعد سیپکر پنجاب اسمبلی کی جانب سے اجلاس جمعہ 14 مارچ صبح 9 بجے تک کے لئے ملتوی کر دیا گیا۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ کے مشیر برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے پنجاب اسمبلی میں نرسوں کے ہڑتال اور دھرنے پر پنجاب اسمبلی کو بریف کرتے ہوئے بتایا کہ نرسوں سے تفصیلی بات چیت ہوئی ہے ان کے معاملات حل کرنے شروع کر دئیے ہیں تاہم جو نرسیں ایڈہاک پر کام کر رہی ہیں ان کو ریگولر نہیں کیا جاسکتا ہے کیونکہ ان کی بھرتی پبلک سروس کمشن سے ہوتی ہے اب فوری طور پر 1450 نرسوں کی بھرتی کے لئے کیس پبلک سروس کمشن کو بھجوایا جا رہا ہے اس کے بعد مزید 1500 پوسٹیں پبلک سروس کمشن کو بھجوائی جائیںگی ایڈہاک پر تعینات نرسوں سے وعدہ کیا ہے کہ ان کو انٹرویو میں کام کرنے کے لئے نمبر بھی دئیے جائیں گے۔ جو بچیاں بطور نرس کنٹریکٹ پر کام کر رہی تھیں ان کو ریگولر کر دیا گیا ہے۔ جبکہ ایڈہاک پر جو کام کر رہی ہوتی ہے اس کے بارے میں قانون ان کو ریگولر کرنے کی اجازت نہیں دیتا ہے یہ تقریباً 2600 بچیاں ہیں جو ایڈہاک پر ہیں ان کو کہا ہے کہ وہ پبلک سروس کمشن کا امتحان دے کر آئیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم محکمے سے اب ایڈہاک ازم ختم کر رہے ہیں اور قابلیت کی بنیاد پر مقابلے کے امتحان کے ذریعے بھرتیاں کریں گے۔ وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ جوہر ٹائون میں ایک ہی گھر کے ہلاک ہونے والے 8 افراد کا قتل اسی گھر کے فرد نے کیا تھا ان کو پہلے زہر دیا گیا جب وہ بے ہوش ہو گئے تو ان کو مار دیا گیا جبکہ بعد ازاں اس شخص نے بھی خود کشی کر لی۔ یہ باتیں انہوں نے اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید کی طرف سے کال اٹینشن نوٹس کے جواب میں کہیں۔ وزیر قانون نے کہا کہ اب تک کی انکوائری سے قتل گھر کے ہی فرد کی طرف سے ہونے کی نشاندہی ہو رہی ہے۔ اس کے علاوہ پیپلز پارٹی کی رکن اسمبلی فائزہ ملک کی طرف سے سرگودھا میں بچے کو اغواء برائے تعاوان کے لئے اغواء کرنے کے واقعہ کے بارے میں پوچھے گئے کال اٹینشن نوٹس پر وزیر قانون نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ واقعی بچے کو شناخت کے ڈر سے قتل کر دیا گیا تھا دو ملزم پکڑے جاچکے ہیں ۔ رکن اسمبلی عامر سلطان چیمہ نے تحریک التوائے کار پر پوچھا کہ سرگودھا کے 51 بنیادی مراکز صحت کا بجٹ ختم ہو گیا ہے وہاں مریضوں کو سخت پریشانی کا سامنا ہے جس پر پارلیمانی سیکرٹری نے اس کی ترید کی جس پر اس التوائے کار کو نبٹا دیا گیا۔ پنجاب اسمبلی میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ایک برس کے دوران پانی چوری پر 7155 ایف آئی آر کا اندراج کیا گیا‘ 1464افراد کو پانی چوری کرنے پر گرفتار کیا گیا‘ لاہور ہائیکورٹ کی فلڈ انکوائری رپورٹ ٹربیونل رپورٹ کے مطابق پیڈا ایکٹ 2006ء کے تحت تمام افسران کو سزائیںدی گئی ہے ‘پوٹھوہار کے بارانی علاقوں میں حکومت مزید 12ڈیم بنانے کا ارادہ رکھتی ہے جن میں سے اس وقت 8 ڈیمز زیر تعمیر ہیں۔ صوبائی وزیر آبپاشی میاں یاور زمان نے سید وسیم اختر کے سوال کے جواب میں کہاکہ پیڈا کے زیر انتظام 401نہروں پر کسان تنظیمیں کام کر رہی ہیں۔ ارسا کی جانب سے پنجاب کو اس کے حصے کے مطابق پانی فراہم کیا جارہا ہے اور اگر پانی مجموعی طور پر کم ہو تو صوبوں کا پانی بھی کم ہوتا ہے پنجاب کی نہروں کو اس طرح چلایا جاتا ہے کہ فصلوں کی بوائی اور پکائی کے دوران ضرورت کے مطابق پانی فراہم کی جا سکے۔ صوبائی وزیر میاں یاور زمان نے کہاکہ ضلع لاہور میں 2011-13 تک 5 ملین روپے سے زائد کے اخراجات بھل صفائی پر کئے گئے لیکن بھل صفائی کے دوران کسی بھی افسر یا اہلکار کے خلاف کرپشن یا خرد برد کی کوئی شکایت نہیں ملی۔ صوبائی وزیر نے کہاکہ پانی چوری کو روکنے کیلئے کسی بھی جگہ پر پانی چوری ہونے پر زیادہ افراد کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج کرنے کے بجائے صرف اصل ذمہ دار کے خلاف ہی مقدمہ کا اندراج کروانے کیلئے محکمے کو ہدایت کر دی گئی ہے۔ آن لائن کے مطابق پنجاب اسمبلی نے طالبان سے مذاکرات کے سلسلہ میں مسلم لیگ (ن) کے سربراہ وزیراعظم ڈاکٹر نواز شریف اور تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی ملاقات کو خراج تحسین پیش کیا ہے اور اسکا خیرمقدم کیا گیا جبکہ صوبائی سطح پر ورکنگ ریلیشن بہتر بنانے کا عزم ظاہر کیا ہے جس کے تحت وزیراعلیٰ شہباز شریف اور قائد حزب اختلاف میاں محمودالرشید کی ملاقات میں اپوزیشن کے ترقیاتی فنڈز سمیت جملہ مسائل حل کیے جائیں گے، پنجاب اسمبلی میں وزیراعظم اور عمران ملاقات زیر بحث آئی اور جب حکومت واپوزیشن کی طرف سے اس ملاقات کو خوش آئندہ قرار دیا گیا تو اس کا ایوان میں ڈیسک بجا کر خیر مقدم کیا گیا، قائم مقام سپیکر سردار شیر علی گورچانی کی صدارت میں اجلاس کے دوران پوائنٹ آف آرڈر پر بات کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے کہا کہ ہم عمران خان کے اقدام بھی لائق تحسین سمجھتے ہیں کہ انہوں نے وزیراعظم ڈاکٹر نواز شریف کا اپنے گھر پر خندہ پیشانی سے خیر مقدم کیا، اس ملاقات کے بعد پوری دنیا کو یہ پیغام پہنچا ہے کہ سیاسی قیادت قومی ایشوز پر متحد ہے، میاں محمود الرشید کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف کا تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے گھر جانا بہت اچھی بات ہے، اس مرحلے پر ایوان میں حکومتی اور اپوزیشن بنچوں کی طرف سے ڈیسک بجا کر نمائندگی کی، اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ مرکز میں ہونے والی پیش رفت صوبے میں بھی نظر آنی چاہیے۔