• news

بھارت کشمیریوں کے دلوں سے پاکستانیت نہیں نکال سکتا: برجیس طاہر

اسلام آباد+شاہ کوٹ +سانگلہ ہل(ثناء نیوز+نامہ نگار+نمائندہ نوائے وقت) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ بھارت 67سا لہ مسلح جدوجہد کے بعد بھی کشمیریوں کے دلوں سے پاکستانیت کو نہیں نکال سکا۔ کشمیری اب بھی بھارت کے خلاف پاکستانی ٹیم کی فتح پر خوشی مناتے ہیں جو اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ جس طرح کشمیر کے دریائوں کے رخ پاکستان کی طرف ہے اسی طرح کشمیریوں کے دل بھی پاکستانیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ یہ بات اُنہوں نے سانگلہ ہل میں صحافیوں کے ایک وفد سے بات کرتے ہوئے کہی۔ اُنہوںنے بھارت کی جانب سے یونیورسٹیوں سے بیدخل کئے جانے والے درجنوں طالب علموں کے معاملے پر ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بھارت نوشتہ دیوار پڑھ لے کہ آج بھی کشمیری پاکستان کے ساتھ ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ آزادکشمیر اور پاکستان کے تعلیمی اداروں کے دروازے کشمیری طلبہ کے لیے کھلے ہیں ہم اُنہیں کھلی بانہوں کے ساتھ خوش آمدید کہیں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ بات بھارتی سکیولرازم کا پول کھولنے کے لیے کافی ہے۔اگر بھارت 67 سال جدوجہد سے انہیں بھارتی نہیں بنا سکتا تو آئندہ برسوں  میں بھی ایسا کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکتا۔دُنیا کا کوئی معاشرہ کسی فرد کو دوسرے ملک کی ٹیم کی فتح کی خوشی منانے کی پاداش میں غدار نہیں کہتا اور نہ ہی دُنیا کے کسی ملک میں ایسا کوئی قانون موجود ہے۔ اُنہوںنے کہا کہ اب بھارت کو ہٹ دھری پر مبنی رویہ ترک کرتے ہوئے کشمیریوں کی آواز کو سن لینا چاہیے اور بین الاقوامی قانون کی روشنی میں انہیں حق خود ارادیت دینا چاہیے۔

ای پیپر-دی نیشن