• news

جمہوریت کے نام پر سب چور اکٹھے‘ مشرف کو حواریوں سمیت پھانسی دی جائے: جمشید دستی

اسلام آباد ((آئی این پی) آزاد رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے کہا ہے کہ جمہوریت کے نام پر سب چور اکٹھے ہیں۔ مشرف اور ان کے حواریوں کو پھانسی  دی جائے۔ آدھے حواری نوازشریف کے ساتھ ہیں۔ نوازشریف امیرالمومنین بننے کے چکر میں ہے۔ پارلیمنٹ لاجز میں ہونے والی سرگرمیوں کا کیس قوم کے سامنے پیش کر دیا۔ اس پر ریفرنڈم کرایا جائے اور اگر کوئی پارلیمنٹیرین اس میں ملوث ہے تو اس کو سزا ملنی چاہئے۔ عوام کو بچانے کیلئے  ہر قربانی دیں گے۔ حکمران امن نہیں چاہتے اگر حکمران امن چاہیں تو طالبان کے ذریعے چند دنوں میں امن قائم ہو سکتا ہے۔ صدر وزیراعظم کا منشی ہے۔ وہ گزشتہ روز پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ جمشید دستی نے کہا سرائیکی صوبے کی بات کرتے ہیں تو حکمران کہتے ہیں کہ تم ملک توڑنے کی بات کرتے ہو۔ سرائیکی صوبہ ہمارا حق ہے۔ اس کی تحریک چلائیں گے۔ عام آدمی کو  روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت کم ہونے کا کوئی فائدہ نہیں۔ شیخ رشید احمد نے اس بارے قوم کی صحیح رہنمائی کی۔ تھر میں نوازشریف اور بلاول بھٹو کے اکٹھے دورے سے قوم کے سامنے  ان کے مکروہ چہرے  بے نقاب ہو گئے ہیں۔ حکمران قومی  سلامتی پالیسی کے نام پر   غریبوں کو ذبح کرنا چاہتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن