ممکن ہے ملائشیا کا لاپتہ طیارہ ہائی جیک کر کے پاکستان میں اتارا گیا ہو: امریکی میڈیا
واشنگٹن (آئی این پی‘ بی بی سی اردو) امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ہو سکتا ہے کہ ملائشیا کا لاپتہ ہونے والا مسافر طیارہ ایم ایچ 370 کو ہائی جیک کرکے پاکستان لے جایا گیا ہو اور اسے وہاں اتارا گیا ہو جبکہ ملائشین حکام کا کہنا ہے کہ طیارہ ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ منقطع ہونے بعد بھی کئی گھنٹے تک محو پرواز رہا۔ ملائشین طیارے نے آخری مرتبہ ایئر ٹریفک کنٹرول سے ملائشیا کے مشرق میں بحیرہ جنوبی چین کے اوپر رابطہ کیا تھا۔‘ بی بی سی کو معلوم ہوا ہے کہ سیٹلائٹ نظام کو اس طیارے سے کم از کم پانچ گھٹے بعد تک خودکار سگنل موصول ہوئے تھے۔ امریکہ نے جمعے کو طیارے کی تلاش میں مدد دینے کیلئے بحرہند میں ٹیمیں بھیجی ہیں اور اس کارروائی میں ایک بحری جہاز اور نگرانی کرنے والا ایک ہوائی جہاز حصہ لے رہا ہے۔ بھارت نے بھی امدادای کارروائیوں میں حصہ لیا۔