مذاکراتی عمل سبوتاژ کرنے کیلئے بم دھماکے کئے جا رہے ہیں: حافظ سعید
ساہیوال (نامہ نگار) امیر جماعۃ الدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے حکومت طالبان مذاکراتی عمل سبوتاژ کرنے کے لئے دھماکے کئے جا رہے ہیں۔ بھارت اور امریکہ پاکستان میں امن نہیں چاہتے، وہ پاکستان کو دہشت گردی و تخریب کاری کا مرکز بنانا چاہتے ہیں۔ 23 مارچ کو یوم پاکستان کے موقع پرپورے ملک میں نظریہ پاکستان مارچ، جلسوں، کانفرنسوں کا انعقاد کریں گے۔ مظلوم کشمیریوں کو غاصب بھارت کے چنگل سے نجات دلانا پوری مسلم امہ پر فرض ہے۔قومیتوں اور لسانیت پرستی کے بت توڑ کر ملک میں اتحاد و یکجہتی کا ماحول پیدا کرنے کی ضرورت ہے ۔وطن عزیز میں فکری انتشار اور مسلمانوں کوآپس میں لڑانے کی سازشیں متحد ہو کر ہی ناکام بنائی جا سکتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہاکی سٹیڈیم ساہیوال میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ہزاروں کی تعداد میں مرد و خواتین نے انکی امامت میں نماز جمعہ ادا کی۔ ہاکی سٹیڈیم کے اطراف میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ پولیس کی بھاری نفری بھی موجود تھی۔ حافظ محمد سعید نے کہا طالبان کے ساتھ مذاکرات حکومت کا اچھا فیصلہ ہے لیکن جب بھی مذاکرات کامیابی کی جانب بڑھتے ہیں تو نئے گروپ کھڑے کر کے دھماکے کئے جاتے ہیں تاکہ مذاکراتی عمل کو سبوتاژ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ دشمنوں کی تمام سازشوں کو ناکام بنانا ہے اور نوجوانوں کی ذہن سازی کرنی ہے۔ بلوچستان میں علیحدگی کی تحریکیں کھڑی کی گئیں۔ شکست خوردہ امریکہ واپس پلٹ رہا ہے انڈیا نے بارہ سالوں میں امریکہ کی اس خطے کی موجودگی سے بہت فائدے اٹھائے۔دریائوں پر ڈیم بنا کر پاکستان میں بجلی کا بحران پیدا کیا۔ زراعت و صنعت کو تباہ کیا اور اپنی سستی مصنوعات پاکستان میں بھیج کر منڈی بنانے کی کوشش کی گئی۔ کشمیریوں کی آزادی کی منزل قریب آن پہنچی ہے۔ گزشتہ ہفتے امریکی صدر نے کہا ہے افغانستان سے انخلاء کے بعد اس خطے میں انڈیا کو سب سے زیادہ خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کلمہ طیبہ کے نام پر بنایا گیا ملک ہے، وطن عزیز کو قومیت، صوبائیت اور لسانیت کی بنیاد پر حاصل نہیں کیا گیا ۔23 مارچ1940کو لاہور کے منٹو پارک میں اسلامیان ہند سے قائداعظم محمد علی جناح نے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا ہم مسلمان ہیں۔ ہم کلمہ کی بنیاد پر پاکستان کا قیام چاہتے ہیں۔ بے وفائیوں کے نتیجہ میں بنگال ہم سے الگ ہوا۔ پاکستان آزمائشوں میں آ گیا۔ اب ملک کو آزمائشوں سے نکالنے کے لئے پھر قوم کو لا الہ الا اللہ کے نعرے پر متحد کرنا ہو گا۔ پاکستانی قوم کا فرض بنتا ہے کہ وہ کشمیریوں کو انڈیا کے مظالم کے چنگل سے آزاد کروائیں۔ نریندر مودی مسلمانوں کا قاتل ہے دنیا کو یہ دہشت گرد نظر کیوں نہیں آتا؟۔