• news

جنگ بندی نہ کرنے والوں کو نشانہ بنائینگے‘ امریکہ نے ڈرون حملے ہمارے کہنے پر بند نہیں کئے: سرتاج عزیز

لندن (نوائے وقت رپورٹ+ اے پی پی) مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ طالبان کے ساتھ مذاکرات جنگ بندی سے مشروط ہیں جو گروپ خلاف ورزی کرے گا اسے ٹارگٹ کیا جائے گا۔ لندن میں برطانوی تھنک ٹینک انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ آف سٹرٹیجک سٹڈیز سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک طالبان سے کامیاب مذاکرات کی صورت میں پاکستان صرف اپنی سرحد کے اندر امن و امان قائم رکھنے کا ذمہ دار ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان، افغانستان سرحد کے دونوں طرف غیر ریاستی عناصر موجود ہیں جو کارروائیاں کرسکتے ہیں۔ مشیر خارجہ کا کہنا تھا کہ افغانستان میں طالبان کا بزور طاقت اقتدار میں آنا اور مضبوط ہونا پاکستان کیلئے زیادہ خطر ناک ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں، امید ہے بھارت میں انتخابات کے بعد مذاکرات کا عمل دوبارہ شروع ہو گا۔ وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی و خارجہ امور سرتاج عزیز نے برطانیہ کے وزیر خارجہ ولیم ہیگ سے ملاقات کی جس میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان پائیدار شراکت داری کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے دو طرفہ سٹرٹیجک تعلقات کو مزید تقویت دینے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان وسیع تر مذاکرات کے فروغ، دوستانہ روابط کو مضبوط بنانے اور باہمی مفادات کو آگے بڑھانے کے آئندہ کے منصوبے پر بات چیت ہوئی۔  اسلام آباد میں دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق  یہ مذاکرات وسیع تر سلامتی اور خوشحالی کے لئے مل کر کام کرنے کے حوالے سے دونوں ممالک کے پائیدار عزم کے عکاس ہیں۔ سرتاج عزیز اور ولیم ہیگ نے دو طرفہ تجارت کو 2015ء تک  3ارب پونڈ تک بڑھانے، سرمایہ کاری کے فروغ، پاکستان کی یورپی یونین تک تجارتی رسائی میں اضافہ، شدت پسندی، انتہا پسندی اور دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے پاکستان کے ساتھ برطانیہ کی جانب سے شانہ بشانہ کھڑے ہونے  اور پاکستان کی بے مثال قربانیوں کے اعتراف سمیت دو طرفہ تعلقات کے ترجیحی شعبہ جات پر تبادلہ خیال ہوا۔ دونوں نے وزیراعظم محمد نواز شریف کے آئندہ دورہ برطانیہ کے دوران وسیع تر سٹرٹیجک امور کے تمام پہلوئوں کا جائزہ لینے پر بھی اتفاق کیا۔ ملاقات کے بعد برطانوی وزیر خارجہ ولیم ہیگ نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دیرینہ تعلقات استوار ہیں۔ یہ ڈائیلاگ دونوں ممالک کی طرف سے وسیع تر سکیورٹی اور خوشحالی کے لئے ناگزیر فضا پیدا کرنے کے لئے مل کر کام کرنے کے بارے میں دونوں ممالک کے پائیدار عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔ وزیراعظم کے مشیر سرتاج عزیز نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کا ایک  قریبی اتحادی اور سرکردہ ترقیاتی شراکت دار ہے۔

ای پیپر-دی نیشن