وزیراعظم کی بصیرت سے مشکل دور گزر گیا، آنیوالا وقت آسانیوں کا ہے: اسحاق ڈار
کراچی (کامرس رپورٹر+ ایجنسیاں) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان پر معاشی مشکلات کا وقت گذر گیا۔ آنے والا دور معیشت کی بہتری کیلئے آسانیاں پیدا کریگا۔ قدرتی وسائل کو قابل استعمال بنائیں گے۔ 23 اپریل کے بعد پاکستان میں جدید ترین موبائل ٹیکنالوجی متعارف کرا دی جائیگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی اے ایف میوزیم میں کراچی چیمبر آف کامرس کے تحت ایکسپورٹ ٹرافی ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا وزیراعظم کی بصیرت کی وجہ سے مشکل دور گذر گیا ہے۔ وزیرا عظم سرمایہ کاروں کے دوست ہیں، اسی وجہ سے انہوں نے تجارت دوست پالیسیاں ملک میں متعارف کرائی ہیں۔ وہ صنعت و تجارت کے مسائل حل کرنے کے بہترین وکیل بھی ہیں۔ وزیراعظم کی بصیرت اور پالیسیوں سے ملک کی معیشت درستگی کی طرف گامزن ہوئی۔ ایک وقت تھا کہ یہ باتیں کی جارہی تھیں کہ پاکستان دیوالیہ ہوجائیگا اور خدانخواستہ بین الاقوامی نقشے میں پاکستان کا نقشہ تبدیل ہوجائیگا لیکن حکومت نے ہر معاشی پالیسی پر تاجروں اور صنعتکاروں کو اعتماد میں لیا اور اب پاکستان کی معشت درست سمت میں داخل ہوگئی ہے۔ ترسیلات زر میں 11 فیصد، ایکسپورٹ میں 6.2 فیصد اضافہ ہوا۔ مائیکرو اکنامک استحکام کیلئے حکومت نے اپنے اخراجات پر قابو پایا اور اسکو آمدن کے برابر لیکر آئے۔ پاکستان کی محصولات اور ترسیلاتِ زر میں اضافہ ہوا۔ مالی خسارہ معاشی بیماری کا جزو ہے جس کی وجہ سے قرضوں اور مہنگائی میں اضافہ ہوتا ہے۔ جب ہم برسراقتدار آئے تو حکومت نے ٹیکس کی شرح میں 18 فیصد اضافہ کیا تاہم ہم اس سے مطمئن نہیں۔ حکومت کی مسلسل کوشش ہے کہ معیشت کو استحکام حاصل ہو۔ ہمیں اپنے قدرتی وسائل کو قابل استعمال بنانا ہوگا اور اپنے مقامی وسائل پر انحصار کرنا ہوگا۔ حکومت کی معاشی پالیسیوں کی آئی ایم ایف نے بھی تائید کی ہے اور معیشت کی درستگی کے اہداف کو آئی ایم ایف نے تسلیم کیا ہے۔ پاکستان پر سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہورہا ہے۔ 15 غیرملکی سرمایہ کار کمپنیوں کے علاوہ مزید کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کررہی ہیں اور اب سرمایہ کاروں کا رخ پاکستان کی جانب دوبارہ گامزن ہوگیا ہے۔ حکومت کی پالیسی کے باعث ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر بہتر ہوئی ہے۔ مزید معاشی اصلاحات کریں گے اور تجارت دوست پالیسیاں بنائی جائیں گی تاکہ سرمایہ کار زیادہ سے زیادہ پاکستان میں سرمایہ کاری کرسکیں۔ تاجر رہنما سراج قاسم تیلی نے کہا کہ کراچی آپریشن کا دائرہ کار مزید بڑھایا جائے اور غیرقانونی سِموں کی بندش کیلئے حکومت مربوط پالیسی تشکیل دے۔ کراچی چیمبر کے صدر عبداللہ ذکی نے کہا کہ حکومت کے معاشی ایجنڈے سے معیشت بہتر ہوئی ہے اور تاجروں کا اعتماد بحال ہوا ہے تاہم تاجروں کے مسائل کو حل کرنے کیلئے حکومت فوری اقدامات کرے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت نے مشکل اور غیر مقبول فیصلے کرکے ملک کی معاشی سمت درست کردی ہے، کٹھن دور گزر چکا اب آسانیاں آرہی ہیں، بزدلوں کی طرح وقت گزارنے میں لگ جاتے تو ملک مزید مسائل کا شکار ہوتا، حکومتی اقدامات سے ملک کے ڈیفالٹ کرنے اور پاکستان ٹوٹنے کی پیش گوئیاں کرنے والے ذہنی مریضوں کو شکست فاش ہو چکی ہے، ہمارے پاس فرینڈلی وزیراعظم ہیں جو دس قدم آگے بڑھ کر بات سنتے اور مسائل کا حل سوچتے ہیں۔ نوازشریف کو صنعت و حرفت کی ترقی کے وکیل کی حیثیت سے جانا جاتا ہے، آئی ایم ایف نے تسلیم کیا ہے پاکستانی معیشت درست ڈگر پر ہے اب شرح نمو کے حوالے سے بلند اہداف رکھے گئے ہیں۔ جب ہم نے حکومت سنبھالی تھی تو ملک کی معاشی صورتحال کسی سے ڈھکی چھپی نہیں تھی، وزیراعظم نوازشریف کی بصیرت سے ہم مشکل فیصلے کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں اور ملک کی سمت درست کر دی ہے جس کا عالمی ادارے بھی اعتراف کر رہے ہیں۔ جون میں کچھ ذہنی مریض پیشگوئیاں کر رہے تھے کہ 2014ء کے پہلے چھ ماہ میں پاکستان ڈیفالٹ کرجائیگا اور 2015ء میں دنیا کے نقشے پر پاکستان کی تصویر مختلف ہو گی، حکومتی اقدامات کے باعث ایسے لوگوں کو شکست فاش ہو چکی ہے۔ پاکستانی معیشت میں تاجروں کا اہم کردار ہے، وزیراعظم اور تاجروں کی حمایت کے بغیر معیشت کی بحالی ممکن نہیں تھی۔