اسلام آباد میٹرو پراجیکٹ پر چیف جسٹس کا ازخود نوٹس، سی ڈی اے سے رپورٹ طلب
لاہور + اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت) چیف جسٹس آف پاکستان مسٹر جسٹس تصدق حسین جیلانی نے اسلام آباد اور راولپنڈی میں میٹرو بس سروس کے مجوزہ منصوبے کے ماحولیاتی اثرات کا ازخود نوٹس لے لیا۔ فاضل چیف جسٹس نے ازخود نوٹس سنیٹر مشاہد حسین کی درخواست اور مختلف میڈیا رپورٹس پر لیا جن میں کہا گیا ہے کہ اگرچہ ٹرانسپورٹ کا مجوزہ منصوبہ وقت کی اہم ضرورت ہے مگر اس منصوبے سے دارالحکومت کے فطری حسن اور ماحول پر منفی اثرات پڑنے کا خدشہ ہے۔ فاضل چیف جسٹس نے چیئرمین سی ڈی اے اور کمشنر راولپنڈی/ ڈائریکٹر راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس سروس منصوبے کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ چیف جسٹس نے ماحول کی حفاظت سے متعلق وفاقی اور پنجاب کی ایجنسیوں سے بھی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ ازخود نوٹس پر سماعت 18 مارچ کو ہو گی۔