راول ڈیم کی عمر چند سال رہ گئی، راولپنڈی ایک اور تھر بن سکتا ہے: اکانومی واچ
اسلام آباد (ثناء نیوز) پاکستان اکانومی واچ کے صدر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا ہے کہ راول ڈیم کی متوقع عمر چند سال رہ گئی ہے جسکے بعد راولپنڈی کی عوام کو پانی کی فراہمی کا واحداہم ذریعہ دادوچے ڈیم ہوگا جسکی سائیٹ پر رہائشی منصوبے شروع کر دیئے گئے ہیں ۔ ڈیم نہ بننے کی صورت میں عوام پانی کی بوند بوند کو ترس جائینگیاور ہنستا بستا شہر اجڑ جائے گا۔ ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا جیکا کی رپورٹ کے بعد حکومت پنجاب نے اس پر دریائے سوان پر دادو چا ڈیم بنانے کا فیصلہ کر تے ہوئے فزیبیلیٹی رپورٹ کے لئے فنڈ جاری اور مقامی آبادی سے اٹھارہ سو ایکڑ زمین خریدنے کی منصوبہ بندی شروع کر دی جبکہ اسے سالانہ ترقیاتی منصوبہ میں بھی شامل کر لیا گیا مگر بد قسمتی سے اس پر کوئی پیش رفت نہ ہو سکی۔ اس موقع پر ڈی ایچ اے کے سابق ڈائریکٹر کرنل(ر) طارق کمال نے کہا کہ حکومت پنجاب کے اعلیٰ حکام مبینہ طور پر لینڈ مافیا سے ملی بھگت کی وجہ سے خاموش ہیں، راولپنڈی کے اکثر سیاستدانوں کو بھی مبینہ طور پر خریدا جا چکا ہے جبکہ عوام آنے والی قیامت سے لا علم ہیں۔ انھوں نے کہا کہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں زیر زمین پانی کی سطح مسلسل گر رہی ہے، کئی علاقوں کے لوگ مسلسل ٹینکروں کا پانی خرید کر استعمال کرنے ہر مجبور ہیں۔