کاشتکاروں کو معیاری اور سستا بیج فراہم کیا جائیگا : فرخ جاوید
لاہور (نیوز رپورٹر) دالوں اور سبزیوں کی پیداوار میں اضافہ کے لئے کاشتکاروں کو اعلیٰ کوالٹی کے بیج رعائتی نرخوں پر فراہم کیے جائیں ۔ یہ بات وزیر زراعت پنجاب ڈاکٹرفرخ جاویدنے پنجاب سیڈ کارپوریشن کے 103ویں بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرے ہوئے کہی ۔اجلاس میں سیکرٹری زراعت پنجاب ڈاکٹر اعجاز منیر اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ممبران نے شرکت کی ۔ اجلاس میں 4جوائنٹ ڈائریکٹرز کو ڈائریکٹرز کے عہدوں پر ترقی دینے کی منظوری بھی دی گئی۔ بورڈ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر زراعت نے کہا کہ پنجاب سیڈ کارپوریشن سیڈ انڈسٹری میں لیڈر کا کردار ادا کر رہا ہے۔ پنجاب اور دیگر صوبوں میں پنجاب سیڈکارپوریشن کے معیاری بیجوں کی بہت مانگ ہے۔ گندم کے 8لاکھ 60ہزاربیگز کی ریکارڈ فروخت اس بات کا ثبوت ہے کہ کسان پنجاب سیڈ کارپوریشن کے تصدیق شدہ بیج پر بھرپور اعتماد کرتے ہیں۔ وزیر زراعت نے پنجاب سیڈ کارپوریشن کے مینیجنگ ڈائریکٹر خاقان بابر کو ہدایت کی کہ وہ کسانوں کو دالوں اور سبزیوں کے معیاری اور سستے بیج فراہم کرنے کے منصوبہ پر جلد از جلد کام مکمل کریں۔