بھارت پاکستانی ٹیکسٹائل مصنوعات پر پابندیاں ہٹانے کیلئے تیار
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ ثناء نیوز) بھارت پاکستان کی ٹیکسٹائل مصنوعات کی درآمد پر پابندیاں ہٹانے پر تیار ہوگیا ہے جس کے بعد پاکستان اور بھارت کے تجارتی تعلقات معمول پر آنے کا امکان ہے۔ وزیر اعظم خصوصی معاون مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے تجارتی تعلقات معمول پر آنے سے پاکستان کی بھارت کو بر آمدات 3 گنا ہوجائیں گی۔ دونوں ملکوں کے مذاکرات غیر اعلانیہ طور پر ہورہے تھے جس کے نتیجے میں پاکستان اور بھار ت ایکدوسرے کو اپنی اپنی منڈیوں تک غیر امتیازی رسائی کا سٹیٹس دینے پر رضا مند ہوگئے ہیں۔ طے یہ پایا ہے کہ پاکستان بھارت کی 1209 اشیاء کی درآمد پر عائد پابندی اٹھائے گا۔ بھارت نے پاکستان کو تجارت کیلئے پسندیدہ ملک کا درجہ دے رکھا ہے لیکن پاکستان کی بہت سی اشیاء کی درآمد پر اس نے پابندی لگا رکھی ہے۔ وزیراعظم کے خصوصی معاون مفتاح اسماعیل کے مطابق نئے معاہدے کے تحت بھارت پاکستان کی مزید 160 اشیاء کی درآمد پر سے پابندی اٹھائیگا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت سے تجارت کے دوران پاکستا ن اب بھی کچھ شعبوں کو حساس فہرست میں رکھے گا جس میں ادویات اور گاڑیاں بنانے کے 14 شعبے شامل ہیں۔