لاڑکانہ: ایک ہندو پر مقدس اوراق کی بے حرمتی کا الزام، دھرم شالہ نذر آتش
لاڑکانہ (نوائے وقت رپورٹ) لاڑکانہ کے علاقے مراد واہن میں ایک شخص پر مقدس اوراق کی بے حرمتی کا الزام لگنے پر مختلف مذہبی تنظیموں کے درجنوں افراد جمع ہو گئے۔ علاقے میں شدید کشیدگی پھیل گئی، دکانیں بند کرا دی گئیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق ایک ہندو نے مبینہ طور پر مقدس اوراق کی بحرمتی کی، پولیس اور رینجرز نے حالات کنٹرول کرنے کیلئے غیراعلانیہ کرفیو نافذ کر دیا ہے۔ مشتعل افراد نے جناح باغ چوک کے قریب واقع مندر پر ہلہ بول دیا اور اس سے متصل دھرم شالہ نذر آتش کر دیا اور ہوائی فائرنگ کی گی۔ مندر کے کچھ حصے کو نقصان پہنچا ہے جبکہ مندر سے متصل دھرم شالہ کو آگ لگا دی گئی۔ مندر کی حفاظت کیلئے پولیس اور رینجرز کی بڑی تعداد موقع پر پہنچ گئی۔ لوگوں نے جلوس نکالے، مسلمان اور ہندو کمیونٹی کے بڑے حالات کو قابو کرنے کیلئے نکل آئے۔ صدر ہندو پنچایت چکنا دیوی کا کہنا ہے کہ یہ شخص نشہ کرتا ہے۔ جس نے بھی مقدس اوراق کی بیحرمتی کی اس کے فعل کی مذمت کرتے ہیں۔ پولیس نے مقدس اوراق کی بیحرمتی کرنے والے نوجوان کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر پہنچا دیا ہے۔ مشتعل افراد کو منشتر کرنے کیلئے پولیس نے شیلنگ کی۔