سبزی و فروٹ منڈی کے تاجروں کے وفد کی گورنر پنجاب سے ملاقات
لاہور (خصوصی رپورٹر) لاہور فروٹ و سبزی مارکیٹس بورڈ کے صدر چودھری ظہیر احمد کی قیادت میں تاجروں کے وفد نے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور سے ملاقات کی اس دوران فروٹ و سبزی منڈی بادامی باغ کے تاجروں نے منڈی کو راوی روڈ سے لکھو ڈیر منتقل کرنے کی افواہوں سے متعلق اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔ چودھری ظہیر احمد نے کہا کہ موجودہ منڈی کو یہاں سے منتقل کرنا چار لاکھ افراد کو عجیب و غریب صورتحال سے دوچار کرنے کے مترادف ہے۔ اربوں روپے کی لاگت سے منڈی کو نئی جگہ منتقلی کی منطق سمجھ سے بالاتر ہے۔ گورنر پنجاب نے تاجروں کو یقین دلایا کہ وہ وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کے دوران ان کو آپ کے تحفظات سے ضرور آگاہ کروں گا۔ آپ کے مطالبے پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا۔ کیونکہ وزیراعلیٰ شہباز شریف بھی تاجروں کے مسائل حل کرنے میں نہایت سنجیدہ ہیں۔ تاجر وفد میں چودھری اظہر‘ محمد رمضان‘ حافظ اجمل‘ غیاث الدین و دیگر شامل تھے۔