رحمن ملک، اویس مظفر کی دبئی میں متحدہ رہنمائوں سے ملاقات، حکومت میں شمولیت پر بات چیت
کراچی/ دبئی (نوائے وقت رپورٹ/ ثناء نیوز) پیپلزپارٹی کے رہنما رحمان ملک اور اویس مظفر نے دبئی میں ایم کیو ایم کے رہنمائوں سے ملاقات کی جس میں ایم کیو ایم کی سندھ حکومت میں شمولیت پر بات چیت کی گئی۔ ایم کیو ایم کے وفد میں گورنر سندھ عشرت العباد، عادل صدیقی اور ڈاکٹر ندیم نصرت شامل تھے۔ ایم کیو ایم کے وفد کی آج آصف زرداری سے ملاقات متوقع ہے۔ پی پی کے رہنما مخدوم امین فہیم کو بھی دبئی طلب کر لیا گیا ہے۔ ایک نجی ٹی وی کے مطابق تھرکی صورتحال، مخدوم خاندان اور قائم علی شاہ محاذ آرائی نے سندھ میں نئی سیاسی صف بندی کی بساط بچھا دی ہے۔ سابق صدر آصف زرداری نے مخالفین کے اندرون خانہ جوڑ توڑ کو بھانپ لیا ہے۔ پیپلز پارٹی نے سندھ میں طاقت کا توازن اپنے پاس رکھنے کیلئے متحدہ قومی موومنٹ کی سندھ حکومت میں شمولیت کے لئے مذاکرات شروع کردئیے ہیں۔ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان معاملات کو سازگار بنانے کیلئے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد رابطہ کمیٹی کے رکن عادل صدیقی اور آصف زرداری کے مابین مذاکرات کا فائنل رائونڈ دبئی میں شروع ہو رہا ہے۔ سیاسی حلقوں نے ایم کیو ایم کی سندھ حکومت میں شمولیت کا سو فیصد امکان ظاہرکیا ہے۔پی پی نے ایم کیو ایم کو 5 وزارتوں اور 3 مشیروں کے عہدوں کی پیشکش کی ہے۔ آئندہ 72 گھنٹے میں معاملات طے پانے کی امید ہے۔